لاہور کے ادیبوں، شاعروں نے لاک ڈاؤن کیسے ”توڑا“ ؟
حلقہ ارباب ذوق لاہور نے عید پر ”آن لائن مشاعرے“ کا اہتمام کیا جس میں ملک بھر سے خواتین سمیت 2 درجن سے زائد شعراء نے شرکت کی، حلقہ ارباب ذوق لاہور کی ہفتہ وار تنقیدی نشست کو اس بار ”عالمی آن لائن مشاعرے“ میں تبدیل کر دیا گیا جس کی صدارت کیپٹن (ر) ڈاکٹر ابرار احمد نے کی، نظامت کے فرائض حلقہ کے سیکرٹری عامر فراز نے ادا کیے جبکہ اس میں کینیڈا اور بھارت سمیت سمندر پار اور بعض بیرونی ممالک میں مقیم شعراء بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ کراچی سے افضال احمد سید، اسلام آباد سے ممتاز کالم نگار محمد اظہار الحق اور ڈاکٹر انور زاہدی اور انڈیا سے شمیم حنفی بطور مہمانان خصوصی آن لائن شریک ہوئے۔ اس آن لائن مشاعرے میں لاہور کے علاوہ کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان سمیت ملک کے مختلف حصوں سے شعراء شریک ہوئے۔
مشاعرے میں شریک شاعرات میں عزت مآب زہرہ نعمان، محترمہ شاہدہ حسن، یاسمین حمید، صائمہ ارم، عنبرین صلاح الدین، شازیہ مفتی، سیماب ولید، صابرہ شاہین اور نیلم ملک، گلناز کوثر، عنبرین حسیب عنبر، تنویر انجم، صائمہ آفتاب، عارفہ شہزاد، فریحہ نقوی، قندیل بابر اور نینا عادل شامل ہیں جبکہ مرد شعراء میں محمد اظہار الحق ،ایوب خاور، انور زاہدی، مقصود وفا، اجمل سراج، انجم سلیمی، ناصر علی، واجد امیر افضال احمد سید عامر فراز توقیر عباس شاہد اشرف میجر شہزاد نئیر سجاد بلوچ سید کاشف رضا شاہد بلال قاضی ظفر اقبال نعیم رضا بھٹی فیصل ہاشمی فہیم شناس امداد آکاش عمران الحق چوہان مظہر حسین سید معید مرزا حفیظ تبسم رضا احتشام افتخار بخاری حماد نیازی حامد ظہور بلال اسود ثاقب ندیم زاہد امروز ضیا ٔ مذکور ضیا ٔ ترک کفیل رانا خرم نفیس جنید رضا عرفان ستار سلیم رفیع احمد عطا ٔ عدنان خالد اور عدنان بشیر شامل ہیں۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ حلقہ ارباب ذوق لاہور کا یہ پہلا آن لائن مشاعرہ محض ایک دن کے شارٹ نوٹس پر اراکین پر مشتمل واٹس ایپ گروپ میں وقوع پذیر ہوا، حلقہ کے سیکرٹری عامر فراز نے حلقہ کے ارکان کو واٹس ایپ گروپ میں سنیچر کے روز مشاعرے کے انعقاد کی اطلاع دی اور بتایا کہ اس اتوار کو چونکہ عید ہوجانے کا امکان ہے اس لئے اتوار کو ہونے والا ہفتہ وار آن لائن اجلاس اس اتوار بھی ہوگا مگر یہ تنقیدی نشست کی بجائے ”عید ملن“ مشاعرے کی صورت معقد ہوگا جس پر زیادہ تر خاتون شعراء نے 24 گھنٹے کے اندر اپنے اپنے کلام کی وڈیو ریکارڈ کر کے نظامت کے فرائض انجام دینے والے، سیکرٹری حلقہ ارباب ذوق لاہور عامر فراز کو بھجوا دی جبکہ محترمہ زہرہ نعمان، شازیہ مفتی، سیماب ولید، صابرہ شاہین اور نیلم ملک نے اپنا کلام آڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے یا لکھ کر پیش کیا، مرد شعراء نے اپنا اپنا کلام تحریری صورت میں پیش کیا۔
آن لائن مشاعرے کے تمام شرکاء اتوار کی شام مقررہ وقت پر حلقہ اراکین کے واٹس ایپ گروپ میں آن لائن تھے۔ نظامت کرنے والے، حلقہ کے سیکرٹری عامر فراز ایک کے بعد اگلے شاعر یا شاعرہ کا اعلان کرتے ہوئے اسے ”سٹیج“ یا مائیک پر آنے کی دعوت دیتے رہے، انہوں نے ایک ریکارڈ شدہ وڈیو کے ذریعے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ابتدائی کلمات کہے، اسی طرح آخر میں بھی اپنے وڈیو پیغام کے ذریعے شرکاء کا شکریہ ادا کیا، صاحب صدر ڈاکٹر ابرار احمد نے اگرچہ اپنا کلام ریکارڈ شدہ وڈیو کے ذریعے پیش کیا تاہم اختتامی کلمات اور مشاعرہ ختم کرنے کا ایک آڈیو کے ذریعے کیا۔
واضح رہے کہ حلقہ ارباب ذوق لاہور نے اگرچہ لاک ڈاؤن کے باوجود اپنی ہفتہ وار نشستوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا تھا اور لاک ڈاؤن کے سبب مال روڈ پر واقع ”پاک ٹی ہاؤس“ بند ہوجانے کے باعث ابتدائی دنوں میں ایک نشست معروف ادیب حسین مجروح کے گھر پر جما لی تھی تاہم لاک ڈاؤن کے باعث اراکین کے پہنچ پانے اور عملی طور پر حاضری میں دشواری کی بنا پر آن لائن اجلاس منعقد کرنا شروع کر دیے گئے تھے، باقاعدگی کے ساتھ آن لائن ہفتہ وار نشستوں کا یہ سلسلہ پچھلے ڈیڑھ ماہ سے جاری ہے اور ”چاند رات“ یعنی گزشتہ اتوار کی شام ایک عالمی مشاعرے کی صورت میں انعقاد پذیر ہونے والی حلقہ کی یہ چھٹی ان لائن نشست تھی۔

