بھارت نے جاپان سے بھی ایٹمی تعاون کا معاہدہ کر لیا….


\"news-1478907009-1994\"

ٹوکیو (آئی این پی/آن لائن) بھارت اور جاپان نے سول جوہری معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔ معاہدے کے مطابق جاپان جوہری توانائی کی پیداوار کیلئے بھارت کو فیول، ساز و سامان اور ٹیکنالوجی فراہم کرے گا۔ بھارت یہ ٹیکنالوجی صرف پرامن مقصد کیلئے استعمال کرے گا اگر بھارت نے جوہری تجربہ کیا تو جاپان یہ معاہدہ منسوخ کرنے کا حق رکھتا ہے دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط ٹوکیو میں وزیراعظم مودی کی اپنے جاپانی ہم منصب سے ملاقات کے بعد ہوئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جاپان اور بھارت کے مضبوط تعلقات عالمی سطح اور بالخصوص ایشیا کے استحکام کی ضمانت بن سکتے ہیں۔ مودی نے اپنے دورہ جاپان کے دوران ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا اکیسویں صدی کا محور ایشیا ہی ہو گا۔ بھارتی وزیراعظم نے جاپانی تاجروں پر زور دیا وہ بھارت میں زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ مودی کے مطابق جاپان اور بھارت کے اچھے تعلقات نہ صرف ایشیا بلکہ دنیا کے استحکام میں اہم ثابت ہوں گے۔ چین اس بات پر خوش ہے کہ اس کے ہمسائے ممالک معمول کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں ، اور امید کی جاتی ہے کہ ایسا کرتے ہوئے دوسرے ممالک بالخصوص خطے کے ممالک کے جائز خدشات کا بھی احترام کریں گے اور علاقائی امن و استحکام کیلئے زیادہ کام کریں گے۔ یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے حالیہ دورہ جاپان اور ان کے اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ ان کے مذاکرات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی ہے۔

Facebook Comments HS