ڈکشنری میں نسل پرستی کی تعریف بھی بدل گئی


امریکی ڈکشنری مریم وییسٹر نے ایک سیاہ فام نوجوان عورت کی درخواست پر اپنی ڈکشنری میں موجود نسل پرستی کی موجودہ تعریف کی دوبارہ تشریح کا فیصلہ کیا ہے۔

حال ہی میں ڈریک یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی کینیڈی مچم نے مریم ویبسٹر کو تحریری درخواست کی تھی کہ منظم جبر کو نسل پرستی کی موجودہ تعریف میں شامل کیا جائے۔

ڈکشنری کے ایک ایڈیٹر نے اس درخواست میں اٹھائے گئے نکتے کو سمجھنےکے لیے ان سے رابطہ کیا اور نسل پرستی کی تعریف کو اپ ڈیٹ کرنے پر اتفاق کیا۔

ویبسٹر ڈکشنری میں نسل پرستی کی تعریف میں تبدیلی کا فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منی ایپلس میں سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی سفید فام پولیس اہلکار کی تحویل میں ہلاکت کے بعد پوری دنیا میں نسل پرستی کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مس مچم کا ایسا لوگوں سے واسطہ پڑتا تھا جو میریم ویبسٹر ڈکشنری میں نسل پرستی کی تعریف کا حوالہ دے کر یہ دلیل دیتے تھے کہ رنگدار جلد کے مالک لوگوں کے بارے میں ان کے احساسات نسلی پرستی کے زمرے میں نہیں آتے۔

مس مچم نے محسوس کیا کہ ڈکشنری میں دی گئی نسل پرستی کی تعریف کو معاشرے میں پائی جانے والی وسیع نسلی تفریق کی عکاس ہونا چاہیے۔

مس مچم نے امریکی ٹی چینل، سی این این کو بتایا :’میں انھیں بتا رہی تھی کہ معاشرے میں رنگ و نسل کی بنیاد پر جو کچھ ہو رہا ہے، نسل پرستی کی موجودہ تعریف اس کا احاطہ نہیں کرتی۔‘

‘عملی زندگی میں نسل پرستی صرف نسلی عصبیت تک محدود نہیں، یہ ایک منظم نسل پرستی ہے جس کا سیاہ فام امریکیوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔’

میریم ویبسٹر کے ایڈیٹوریل مینجر پیٹر سکولوسکی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ڈکشنری میں نسل پرستی کی نئی تعریف میں اس درخواست میں اٹھائے گئے نکتے کی عکاسی ہو گی۔

‘ہم نئے ایڈیشن میں (نسل پرستی) کی تعریف کو اور واضح کریں گے۔’

انھوں نے کہا کہ ہم ڈکشنری کو اپ ڈیٹ رکھنے کے لیے اس پر مسلسل نظرثانی کرتے ہیں تاکہ الفاظ کے وہ معنی سامنے آئیں جیسے لوگ انھیں سمجھتے اور استعمال کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp