تم ہی سمجھ لو تم ہو مسیحا


آج کل ٹیکنالوجی کے دور میں دنیا کی خبریں بہت تیزی سے گردش کرتی ہیں۔ سوشل میڈیا نے یہ کام اور بھی آسان کر دیا ہے اب تو ہر واقعے کی ویڈیو بھی فوراً منظر عام پہ آجاتی ہے اور لوگ خود سے ہر چیز کا مشاہدہ کر لیتے ہیں۔ لیکن یہ ویڈیو ریکارڈنگ کلچر نے ہماری اقدار کو بھی تباہ کر دیا ہے، اقدار جیسے کہ کسی کو مصیبت میں دیکھ کے اس کی مدد کرنا لیکن آج کل معاملہ الگ ہے، لوگ مدد کی بجائے ویڈیو ریکارڈنگ پہ توجہ دیتے ہیں۔ سامنے اگر کسی انسان کا ایکسیڈنٹ ہو گیا تو اس کو سنبھالنے والے 2 ہاتھوں کی جگہ 10 ہاتھ ملیں گے جو کے اس مصیبت زدہ شخص کی کراہوں کو ریکارڈ کرنے میں پوری تندہی کے ساتھ مصروف عمل ہوں گے۔ نمی دانم کجا رفتم۔

خیر بات ہو رہی تھی ٹیکنالوجی کی، تو اس کے ذریعے جہاں بہت سے خبریں دیکھنے سننے کو ملتی ہیں وہاں میری توجہ ہمارے معاشرے کے ایک نا سور کی طرف بار بار چلی جاتی ہے اور وہ ہے بچوں کے ساتھ بد فعلی اور ان کا قتل۔ ہمارے معاشرے میں ایسے درندے پائے جاتے ہیں جو معصوم پھولوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد اس خوف سے کے وہ پکڑے جائیں گے، انہیں قتل کر کے کسی قبرستان، گندے نالے، کھیت یا کسی بھی ویران جگہ پہ پھینک دیتے ہیں۔

یہ ہمارے معاشرے کے اس برائی میں سے ایک ہے جس کے بارے میں لوگ کھل کے بات نہیں کرنا چاہتے اور نتیجے میں اس کی روک تھام کے لیے نہ ہی کوئی آگاہی پروگرام ہوتا ہے اور نہ ہی بچوں کی تربیت کی جاتی ہے۔ کچھ این جی اوز اور انفرادی حیثیت میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت کام کر رہے لیکن وہ اس کینسر کے مقابلے میں آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔

ساحل آرگنائزیشن کی 2019 کی ہوشربا رپورٹ کے مطابق بچوں کے ساتھ بدفعلی کے 2846 کیس رپورٹ ہوئے۔ جس میں 54 % لڑکیاں اور 46 % لڑکے شامل ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں روزانہ 8 بچے بدفعلی کا شکار ہوتے ہیں جس میں بڑی تعداد 6۔ 15 سال کے بچوں کی ہے لیکن 5 سال سے کم عمر بچے بھی اس سے محفوظ نہیں۔ بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنانے والا کوئی بھی ہو سکتا ہے لیکن ساحل کی رپورٹ کے مطابق اس میں سب سے بڑی تعداد عزیز و اقارب کی ہے کیونکہ انہیں سب سے زیادہ رسائی حاصل ہوتی ہے اور وہ اس بات سے بخوبی واقف ہوتے ہیں کہ بچے کو کس طرح لبھایا جا سکتا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کے ہم خود اپنے بچوں کی تربیت، ان کی نگرانی اور آگاہی کا بندوبست کریں۔ کیوں کہ معاشرے کا ناسور معاشرہ زیادہ احسن طریقے سے سدھار سکتا ہے۔ جیسا کہ مائیکل فوکالٹ نے کہا کے ”برائی معاشرے کا آئینہ ہے“ ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے معاشرے میں سدھار لایا جائے۔ اس میں سب سے پہلی بات ہمارے بچوں کی گھروں میں تربیت ہے۔ اپنی آنکھیں اور کان ہمیشہ کھلے رکھیں، اپنے بچوں کو نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔

ہمیشہ ان کی مانیٹرنگ کریں اور کسی بھی عزیز یا اجنبی کے ساتھ حتی الامکان کوشش کریں کہ بچوں کو اکیلا نہ رہنے دیں۔ اپنے بچوں کو ایجوکیٹ کریں کہ اگر کوئی انہیں چھو رہا ہے تو اس کے نتیجے میں انہیں کیا کرنا چاہیے۔ انہیں اپنے قریب رکھیں تاکہ اپنا کوئی بھی مسئلہ وہ ایک دوست اور رازدار کی حیثیت سے آپ کے ساتھ کھل کے بیان کر سکیں۔ ہمارے تعلیمی نظام میں شروع سے ہی بچوں کی آگہی کے لیے پروگرام ہونے چاہئیں جس میں بچوں کو یہ سب باتیں سکھائی اور سمجھائی جائیں۔ اگر خدا نا خواستہ کسی بچے کے ساتھ ایسا کوئی بھی واقعہ ہو جائے تو اسے چھپانے کی بجائے رپورٹ کریں اور اپنے بچے کی مکمل کونسلنگ کروائیں تاکہ اس حادثہ کے ذہنی اثرات کو جلد از جلد مندمل کیا جا سکے۔

آپ کی تھوڑی سے توجہ سے ہم ایک ذمہ دار معاشرے کی طرف اپنے سفر کا آغاز کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں نا صرف ہمارے پھول جیسے بچے محفوظ رہیں گے بلکہ جو لوگ اس جرم کا ارتکاب کرتے ہیں وہ بی کیفر کردار تک پہنچ سکیں گے۔ کیونکہ یہ معاشرہ اور یہ پھول ہمارے ہیں اور اس کو درست کرنے کے لیے ہمیں کسی مسیحا کا انتظار کرنے کی ضرورت نھیں۔ تم ہی سمجھ لو تم ہو مسیحا۔