کرائم رپورٹر یا مجرم صحافی؟


نیا نیا اس فیلڈ میں آیا تو ساتھ ہی کرائم کی بیٹ ٹکر گئی صبح سے شام تک ٹی سی ایس والے سے زیادہ چکر تھانوں اور پولیس افسران کے دفاتر جاتا رہا، کبھی کسی سینئر سے ملاقات ہو جاتی، ہر کوئی اپنا مشورہ دینا فرض عین سمجھتا رہا جو مجھے نصیحت سے زیادہ اپنے ایک سال کے تجربہ کی تیسویں برسی مناتے ہوئے اسے تیس سالا تجربہ ثابت کرنے پر مصر تھے

نئے نئے بچے کو کرائم کی بیٹ کے لیے شکل سے ہی کئی مہا کاریگروں نے نا اہل قرار دے دیا۔ تجسس بڑھتا رہا کہ آخر یہ کیا گیدڑ سنگی ہے۔

اسلام آباد کے ایک تھانے میں تو جب ایک صحافی دوست نے پولیس افسر سے میرے سامنے چرس اور آئس لی تو مجھے واقعی یہ اپنی نا اہلی لگی جو کہ یقیناً مجھ سے شاید کبھی نہ ہو پائے گی۔ ہر آنے جانے والا ایک ہی سوال کرتا تھا، شراب پیتے ہو، کوکین، آئس وغیرہ کر لو گے ان میں سے اکثر نشے تو وہ ہوتے تھے جنہیں میں گوگل کرتا تھا۔ پولیس کے کئی افسران شہر اقتدار کی شاموں کو جب کرائم رپورٹرز کے ساتھ شراب و شباب کے ساتھ رنگینی بخشتے تو عجیب سی گھن اور نفرت پیدا ہوئی لیکن اسے ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا۔

ایک بار تو ایک صحافی دوست نے پوچھا کہاں رہتے ہو میں نے جب اپنا علاقہ بتایا جو کہ قدرے پوش تھا تو اس نے ایک بار پھر نا اہلی کی تلوار چلا دی، وجہ دریافت کرنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ جناب منشیات فروشوں کے علاقہ میں رہائش کو ایک کامیاب کرائم رپورٹر کی شرط اول سمجھتے ہیں۔

شہر میں چلنے والے بڑے بڑے ناجائز بزنسز کے پیچھے آپ کو یہ کرائم رپورٹرز کے نام پہ مافیا ہی دکھائی دے گا، کسی ہاؤسنگ سوسائٹی میں چلے جائیں، قبضوں کی لسٹ نکال کر دیکھ لیں ہر جگہ وہ طبقہ نظر آئے گا جو اس شعبہ میں نئے آنے والے کو کہے گا تو نہیں کر پائے گا بھائی۔ ۔ ۔

اکثر جگہوں پر تو پولیس کے ساتھ مل کر وارداتیں ڈالی جاتی ہیں اور پولیس والے بھی دھندے کو جائز بنانے کے لیے انہی کا سہارا لے کر اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں کے گن گا رہے ہوتے ہیں۔

مفت کے کھانے، ائس و کوکین کی رنگینیاں، شراب و شباب کی پارٹیاں یقین مانیں اگر آپ نہ بھی کریں تو کوئی آپ کو اچھا صحافی بننے سے نہیں روک سکتا، لوگ آپ کی عزت کریں گے۔

آپ پہ سب سے بڑا الزام یہی آئے گا کہ بچہ ہے نہیں کر پائے گا، آپ الزام کے ساتھ جینا قبول کر لیں۔ آپ بروقت اپنا کام مکمل کر کے گھر بھی لوٹ آئیں گے، رات کو گہری اور میٹھی نیند جزا کے طور پر ملے گی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments