اسلام آباد: گذشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرین کی تعداد میں سب سے بڑا اضافہ، 771 نئے مریض
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 771 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ مزید چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائٹ کووڈ 19 کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں متاثرین کی مجموعی تعداد 7 ہزار 934 ہوگئی ہے۔ گذشتہ روز ہونے والی مزید 4 اموات کے بعد، اموات کی مجموعی تعداد 75 تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب: لاہور کے بعد راولپنڈی اور فیصل آباد میں سب سے زیادہ متاثرین
پنجاب کے محکمہ صحت کے مطابق 13 جون کو کورونا وائرس کے 2514 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی۔ متاثرین کی کل تعداد 50,601 ہوگئی ہے۔
13 جون کو مزید 31 اموات ہوئیں جس کے بعد پنجاب میں کل اموات 969 ہوچکی ہیں۔ اب تک 338,714 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور 17,560 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
لاہور میں کل متاثرین کی تعداد 26429 ہے جبکہ اس کے بعد راولپنڈی میں 4145 اور فیصل آباد میں 3677 متاثرین موجود ہیں۔ گذشتہ روز بھی لاہور میں 1331 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 925 ہیلتھ کیئر ورکرز کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ صوبے میں 16 سے 45 سال عمر کے افراد میں وائرس سب سے زیادہ پایا گیا ہے۔


