کووڈ 19: شاداب خان۔ حارث رؤف اورحیدر علی کے ٹیسٹ پازیٹیو


پاکستان

انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں شاداب خان، حارث رؤف اور حیدر علی کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل ان تینوں کھلاڑیوں سے رابطے میں ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر خود کو آئسولیٹ کر لیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ شاداب خان، حارث رؤف اور حیدرعلی نے کورونا کے ٹیسٹ راولپنڈی میں کرائے تھےاور ان تینوں میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

فاسٹ بولر عثمان شنواری اور عماد وسیم کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔ ان دونوں کے ٹیسٹ بھی راولپنڈی میں ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے دورے کے لیےمنتخب ہونے والے 29 میں سے 28 کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے کورونا ٹیسٹ پیر کے روز کراچی لاہور راولپنڈی اور پشاور میں لیے گئے جن کے نتائج منگل تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو مکمل طور پر موصول ہوجائیں گے۔

شعیب ملک کا ٹیسٹ بعد میں لیا جائے گا۔ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے خصوصی اجازت دی ہے کہ وہ اپنی فیملی سے ملاقات کے بعد 24 جولائی کو انگلینڈ پہنچ سکیں گے۔ بولنگ کوچ وقاریونس اور فزیوکلف ڈیکن کے ٹیسٹ بھی بعد میں لیے جائیں گے۔ وقاریونس آسٹریلیا اور کلف ڈیکن جنوبی افریقہ سے براہ راست انگلینڈ پہنچ کر ٹیم میں شمولیت اخیتار کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر کسی کھلاڑی یا کوچنگ سٹاف کے کسی فرد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آئے گا اسے دو ہفتے تک اپنے گھر میں تنہائی میں رہنا ہوگا جس کے بعد اس کے دو ٹیسٹ ہوں گے اور دونوں کے نتائج منفی آنے کے بعد ہی اسے انگلینڈ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔

اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے درمیان یہ طے پاچکا ہے کہ ایسے کھلاڑیوں کو جو بعد میں انگلینڈ جائیں گے انہیں وہاں داخلے کی خصوصی اجازت دی جائے گی۔ اسی طرح شعیب ملک کے معاملے میں بھی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے یہ اجازت دے دی ہے کہ وہ بعد میں انگلینڈ میں داخل ہوسکتے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم 28 جون کو چارٹرڈ فلائٹ سے انگلینڈ روانہ ہوگی۔ ٹیم کی روانگی سے قبل کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے 25 جون کو بھی کورونا ٹیسٹ لیے جائیں گے جن کے نتائج 27 جون کو پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول ہونگے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp