توشہ خانہ کیس: آصف زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے لیے کارروائی کا آغاز


آصف علی زرداری

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے منگل کو توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں(فائل فوٹو)

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنی کے بارے میں درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں جبکہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے بارے میں کارروائی کا آغاز کرنے کا حکم دیا ہے۔

گذشتہ سماعت کے دوران عدالت نے ملزم نواز شریف کی مسلسل غیر حاضری پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور وزارت خارجہ کو لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے توسط سے ان عدالتی احکامات کی تعمیل کروانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی تو قومی احتساب بیورو یعنی نیب کے ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل مظفر عباسی نے ملزم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم نواز شریف مسلسل سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہیں ہو رہے اور نہ ہی ان کی طرف سے کوئی وکیل عدالت میں پیش ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

تحفے میں ملی گاڑیاں سستے داموں خریدنے پر ریفرنس دائر

نواز شریف، آصف زرداری اور یوسف گیلانی احتساب عدالت طلب

توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اس ریفرنس میں ایک اور ملزم، سابق صدر آصف علی زرداری کی عدالت میں عدم حاضری کے بارے میں دریافت کیا گیا تو ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کی طبیعت ناساز ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اس وقت کورونا کی وبا ہے اور کمرہ عدالت بھی چھوٹا ہے اور اگر سابق صدر عدالت میں پیش ہوئے تو ان کے ساتھ بہت سے اور لوگ بھی عدالت میں آ جائیں گے جس سے بیماری پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

احتساب عدالت کے جج نے سابق صدر کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو کورونا تو نہیں ہے جس پر فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ ان کو کورونا نہیں لیکن ان کی عمر زیادہ ہے۔ اس پر جج نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے عدالتیں تو بند نہیں کی گئیں اور اگر جج عدالت میں آسکتے ہیں تو ملزم کیوں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ان کے موکل گذشتہ 20 سال سے مختلف عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرتے آئے ہیں اور وہ عدالتوں میں پیش ہونے سے نہیں گھبراتے۔

نیب ریفرنس

اُنھوں نے عدالت میں آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی اور کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی بیماری کی وجہ سے ہی ایک مقدمے میں ضمانت دی ہے۔

احتساب عدالت کے جج نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ان کے موکل علاج معالجے کے لیے سرکاری ہسپتال میں زیر علاج ہیں یا کسی نجی ہسپتال میں، جس پر فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ سابق صدر ان دنوں ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

عدالت نے ملزم کی بیماری سے متعلق رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہویے کہا کہ ان کی یہ رپورٹ تلسی بخش نہیں ہے۔

ملزم کی طرف سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی تو نیب کے ڈپٹی پراسکیوٹر نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر آصف زرداری کے پیش ہونے سے رش ہو جائے گا تو یہ انتظامیہ کا کام ہے کہ وہ کنٹرول کریں۔ اُنھوں نے کہا کہ سابق صدر کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں۔

قومی احتساب بیورو کے وکیل نے کہا کہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو عدالت نے استثنیٰ دیا تو آج انکا وکیل بھی پیش نہیں ہوا، اُنھوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم یوسف رضا گیلانی کا استثنیٰ بھی ختم کیا جانا چاہیے۔’

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے اور وہ (فاروق ایچ نائیک) بھی ان کے ساتھ تھے اور یہ رپورٹ آنے کے بعد وہ بھی آئیسولیشن می‍ں چلے گئے تھے۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر عدالت کہتی ہے وہ عدالت میں یوسف رضا گیلانی کی طرف سے بیان حلفی دے پیش کرنے کو تیار ہیں۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ وہ سینئر وکیل ہیں اور عدالت میں بیان دے رہے ہیں کہ ان کے موکل آصف زرداری آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہو جائیں گے، جس پر جج اصغر علی نے کہا کہ وہ ملزم آصف علی زردرای کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات جاری کرچکے ہیں جو اب واپس نہیں ہوں گے۔

اس ریفرنس کی سماعت17 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

دوسری جانب اسلام آباد کی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو کرائے کے بجلی گھر کے ریفرنس میں عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا ہے۔ سابق وزیر اعظم کے خلاف یہ ریفرنس سنہ 2014 میں دائر کیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32546 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp