شیخوپورہ میں احمدی برادری کا انتظامیہ اور مقامی افراد پر قبروں کی بے حرمتی کا الزام


پاکستان کے شہر شیخوپورہ کے ایک نواحی گاؤں کی رہائشی احمدیہ برادری کے افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ مقامی افراد نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان کے پیاروں کی قبروں کی بے حرمتی کی ہے۔

جماعتِ احمدیہ پاکستان کے ترجمان سلیم الدین نے ٹوئٹر پر چند تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مختلف قبروں کے کتبے ٹوٹے ہوئے ہیں۔

اپنی ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’پاکستان میں بسنے والی احمدی برادری کے افراد مرنے کے بعد بھی سکون میں نہیں ہیں۔ ضلع شیخوپورہ کے علاقے نواں کوٹ کے ایک گاؤں چک 79 میں احمدیوں کی قبروں کو مقامی مذہبی افراد اور حکام کی طرف سے نقصان پہنچانے کا واقعہ قابلِ مذمت ہے۔‘

ٹویٹ میں ان کا مزید کہنا تھا ’پہلے احمدی برادری کے افراد کو قبروں کے کتبوں کو توڑنے کا کہا گیا تھا اور ان کے انکار پر انتظامیہ نے مقامی مذہبی افراد کی مدد سے خود یہ کام کر دیا۔‘

جماعتِ احمدیہ کے ایک ترجمان عامر محمود نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدا میں مقامی آبادی اور احمدیہ برادری کے افراد کے درمیان جنازہ گاہ کی تعمیر کے منصوبے پر تنازعہ ہوا تھا جس پر مقامی افراد نے پولیس کو درخواست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

اٹک: دو احمدی ڈاکٹروں کا قتل کیوں ہوا؟

توہین مذہب کے الزام میں قید جوڑے کی اپیل پر فیصلہ پھر مؤخر

’اقلیتی کمیشن میں شامل ہونے کی درخواست کی نہ حکومت کی جانب سے رابطہ کیا گیا‘

درخواست میں کہا گیا تھا احمدیہ برادری کے افراد قبرستان میں علیحدہ جنازہ گاہ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، ان کو ایسا کرنے سے روکا جائے۔ اس پر دونوں اطراف کے نمائندوں کو مقامی تھانے میں بلایا گیا اور احمدی برادری کے افراد کو کہا گیا کہ وہ جنازہ گاہ تعمیر نہ کریں۔

’احمدی برادری کے افراد اس بات پر راضی ہو گئے تاہم ساتھ ہی ان سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ وہ اپنے پیاروں کی قبروں سے کتبے بھی ہٹا دیں۔ پولیس کو دی جانے والی درخواست میں اس مطالبے کا ذکر نہیں تھا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’مقامی مذہبی افراد کو اعتراض تھا کہ احمدی برادری کے افراد کی قبروں کے کتبوں پر قرآنی آیات درج کی ہیں جبکہ اقلیت ہونے کے ناطے وہ ایسا کرنے کا حق نہیں رکھتے تھے اس لیے انھوں نے مطالبہ کیا کہ کتبوں کو ہٹایا جائے۔‘

عامر محمود کا کہنا تھا احمدی برادری کے افراد نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ اس کے بعد ’مقامی مذہبی افراد نے پولیس کی مدد سے کتبوں کی بے حرمتی کی۔‘

تاہم مقامی صفدر آباد تھانے کے مہتمم صداقت رندھاوا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات سے انکار کیا کہ ایسا کوئی واقعہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘قبروں کی بے حرمتی کا کوئی واقعہ ہوا ہی نہیں ہے۔ میں نے خود قبرستان میں جا کر دیکھا ہے ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔‘

ٹوئٹر پر شائع ہونے والی تصاویر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انھیں نہیں معلوم کہ وہ تصاویر کہاں کی ہیں۔ تاہم ان کے علاقے کے قبرستان میں ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔

تاہم انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ مقامی افراد نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیخوپورہ کو ایک درخواست دی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ گاؤں میں رہنے والے احمدی برادری کے افراد مقامی قبرستان میں علیحدہ جنازہ گاہ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

درخواست میں بتایا گیا کہ ‘اس مقصد کے لیے مطلوبہ سامان یعنی اینٹیں اور ریت وغیرہ وہاں پہنچائے گئے تھے۔‘

مقامی افراد کی طرف سے دی جانے والی درخواست میں لکھا گیا تھا کہ ‘احمدی برادری کے افراد اقلیت ہونے کے باوجود خود کو مسلمان اور امتِ محمدیہ کا حصہ ظاہر کرتے ہوئے سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے جنازہ گاہ تعمیر کرنا چاہتے تھے جو کہ آئین اور قانون کے خلاف تھا۔‘

درخواست میں مزید کہا گیا کہ ‘ان کے اس اقدام سے مقامی آبادی میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور انتشار کا اندیشہ ہے اس لیے امن و امان قائم رکھنے کے لیے احمدیہ برادری کے افراد کو ایسا غیر قانونی اقدام کرنے سے روکا جائے۔’

ایس ایچ او صداقت رندھاوا نے بی بی سی کو بتایا کہ اس درخواست کے بعد دونوں اطراف کے لوگوں کو تھانے میں بلایا گیا تھا اور بات چیت کے بعد احمدی برادری کے افراد اس بات پر راضی ہو گئے تھے کہ وہ جنازہ گاہ کی تعمیر کا ارادہ ترک کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گاؤں میں احمدی برادری کے 35 سے 40 افراد رہائش پذیر تھے۔ تھانے میں بات چیت کے بعد معاملہ ختم ہو گیا تھا اور قبروں کی بے حرمتی کا واقع نہیں ہوا۔

جماعتِ احمدیہ کے ترجمان عامر محمود کا کہنا تھا کہ احمدی برادری کے افراد نے تاحال اس عمل کے خلاف پولیس کو کوئی شکایت درج نہیں کروائی تھی کیونکہ انتظامیہ خود اس معاملے میں ملوث ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp