بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن اور بیٹے ابھیشیک میں کورونا وائرس کی تشخیص، سوشل میڈیا پر جلد صحت یابی کے پیغامات


بالی ووڈ کے مقبول اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد دونوں کو ممبئی کے ناناوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ فیملی کے باقی لوگوں کے ٹیسٹ کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔

امیتابھ بچن نے سنیچر کی رات ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا: ’میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ میں ہسپتال میں داخل ہو چکا ہوں۔ میں نے حکام کو مطلع کر دیا ہے۔ فیملی اور سٹاف کے لوگوں کا ٹیسٹ کرایا جا چکا ہے۔ ان کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ جو لوگ گذشتہ دس دن میں میرے قریب رہے ہیں، میری ان سے گزارش ہے کہ وہ اپنا ٹیسٹ کرائیں۔‘

بعد میں امیتابھ کے بیٹے ابھیشیک بچن نے بھی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ان کا ٹسٹ بھی پازیٹیو آیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کے والد اور ان میں کورونا کی ہلکی علامات ہیں۔

ابھیشیک نے اپنے والد کے مداحوں سے کہا کہ وہ گھبرائیں نہیں۔ ہسپتال کے ذرائع سے بتایا گیا ہے کہ امیتابھ کی صحت مستحکم ہے۔

یہ بھی پڑھیے

فلم کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن کی صحت بگڑ گئی

امیتابھ بچن نے عوام کو ریاضی کا فارمولا کیا پیش کیا، لوگ تو پیچھے ہی پڑ گئے

امیتابھ بچن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عمران خان کی تصویر

انڈیا کے وزیر صحت ہرش وردھن نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ناناوتی ہسپتال سے رابطے میں ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ امیتابھ بچن جلد صحت یاب ہوں گے۔

ناناوتی ہسپتال کا شمار ممبئی کے اعلیٰ ہسپتالوں میں ہوتا ہے اور اس کے علاوہ یہ شہر کے سب سے اہم کورونا ہسپتالوں میں بھی شامل ہے۔ امیتابھ بچن کے کورونا سے متاثر ہونے کی خبر پھیلتے ہی فلم انڈسٹری سمیت دنیا بھر سے ان کے مداحوں کی طرف سے جلد صحتیابی کے پیغامات آنے لگے ہیں۔

گلوکار کیلاش کھیر نے اپنے پیغام میں کہا: ’میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ آپ جلد ہی صحت یاب ہو کر ہمیں واپس آنے کی خبر دیں۔ پورا ملک آپ کے لیے دعا گو ہے۔‘

سدھارتھ ملہوترا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا:’سینئیر اور جونئیر بچن کی جلد صحتیابی کے لیے بہت ساری دعائیں اور پیار۔‘

پاکستان سے ایک صارف عمائمہ احمد نے لکھا: ’آپ جلدی سے ٹھیک ہو جائیں، مجھے کسی دن آپ سے ملنا ہے۔‘

امیبتابھ بچن حالیہ دنوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انڈین حکومت کے معلوماتی اشتہاروں کے مرکزی ایمبیسڈر تھے۔

امیتابھ ممبئی میں اپنی اہلیہ جیہ پردا کے ساتھ رہتے ہیں جبکہ ان کے بیٹے ابھیشیک بچن اور ان کی بیوی اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن بھی ممبئی میں ہی رہتے ہیں۔ فیملی کے سبھی لوگوں اور سٹاف کا ٹیسٹ کرایا گیا ہے، جن کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔

واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اب تک ملک بھر میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 22 ہزار سے زیادہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp