وزیراعظم گجرات کے چوہدری گھرانے سے شدید ناراض: منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں تبادلوں کا حکم


وزیراعظم عمران خان اتحادی جماعتوں سے شدید ناراض ہیں ، گزشتہ روز بھی کسی اتحادی سے ملاقات نہ کی، اتحادی جماعتوں کے حلقوں میں لگائے ہوئے 2 اہم اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز سمیت 5افسروں کی شکایات پر انہیں ہٹانے کا حکم دے دیا۔ آئندہ ہفتے پنجاب کے اہم افسروں کے تقرروتبادلے کر دئیے جائیں گے۔ مرحلہ وار پولیس اور بیوروکریٹس کی رپورٹس پر ان کو تبدیل کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کے اہم ذمہ داران کے مطابق عمران خان نے اجلاسوں میں واضح کیا کہ پنجاب کا کوئی عہدیدار ہو، بیوروکریسی ہو، یا کوئی اتحادی ہو کرپشن، بے ضابطگیوں اور میرٹ کے برعکس اقدامات پر کسی کو معافی نہیں ہوگی، جس نے ایسا کیا اسے فوری طورپر فارغ کر دیں گے ،

روزنامہ دنیا کے مطابق وزیراعظم نے بتایا کہ بیوروکریسی کو حکم دیا کہ کسی سیاسی اتحادی کی ایسی سفارش نہ مانیں جس میں غلط کام ہو، صرف میرٹ پر کام کریں۔ اتحادیوں کی ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں۔ سب کو پتا ہے کہ پنجاب میں اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہماری حکومت ہے لیکن کسی کی بھی پروا نہ کریں، صرف عوام کو سہولیات دیں۔ کچھ روز تک بیوروکریسی اور پولیس میں اکھاڑ پچھاڑ ہو گی

بیوروکریسی اجلاس میں جب آئی جی پنجاب نے بریفنگ دی تو عمران خان نے کہاکہ مجھے معلوم ہے کہ کرپشن نچلی سطح سے نہیں بلکہ اوپر سے شروع ہوتی ہے لیکن احتساب سب کا ہو گا، اس وقت ہمارے پاس کرپشن اور نااہلی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ انہوں نے بیوروکریسی اجلاس میں دو بارکہا کہ بیوروکریسی اور پولیس پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہوگا، کھل کر میرٹ پر کام کریں۔ حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ منڈی بہاؤالدین، گجرات کے ڈپٹی کمشنرز، اور ڈی پی اوز کو آئندہ چند روز تک ہٹا دیاجائے گا، جبکہ پنجاب حکومت کے اہم ذمہ دار نے بتایا کہ اتحادی جماعتوں کے رہنما کوشش کر رہے ہیں کہ ان کے اضلاع میں تعینات افسروں کو نہ ہٹایا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے بھی اتحادی جماعتوں کے بعض حلقوں میں تعینات کروائے گئے پولیس اور ضلعی افسروں پر شدید تحفظات تھے۔

بشکریہ ڈیلی پاکستان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).