وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف سابق ڈی جی ایکسائز وعدہ معاف گواہ بن گئے


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج نیب لاہور میں پیش ہوئے اور ان سے تقریبا پونے دو گھنٹے تک تفتیش کی گئی جس کے بعد اب اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ عثمان بزدار کے خلاف دو افراد وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سابق ڈی جی ایکسائز اکر م اشرف گوندل نے نیب کو وعدہ معاف بننے کی باضابطہ درخواست دے دی ہے اور اپنا بیان بھی ریکارڈ کروا دیا ہے۔ اکرم اشرف گوندل کو گزشتہ روز بھی بیان ریکارڈ کروانے کیلئے طلب کیا گیا تاہم گزشتہ روز حالات خراب ہونے کے باعث بیان ریکارڈ نہیں کیا جا سکا جس کے بعد آج بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد دفعہ 164 کا بیان عدالت میں ریکارڈ کروایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک اور سرکاری افسر سے پوچھ گچھ جاری ہے اور اس نے بھی وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی ہے ۔

اکرم اشرف گوندل نے نیب کو دیئے گئے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ ”وزیراعلیٰ آفس کو بتایا تھا کہ تمام این او سی مکمل نہیں ہیں اور شراب کا این او سی غیر قانونی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے پرنسپل سیکریٹری راحیل احمد صدیقی کی جانب سے دباﺅ آنے پر دستخط کیے اور شراب کا لائسنس جاری کیا۔ مجھ سے دباﺅ ڈال کر دستخط کروائے گئے ۔“

سینئر صحافی حامد میر نے بھی ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف شراب کا لائسنس جاری کرنے کے کیس میں دو سرکاری افسران وعدہ معاف گواہ بننے پر تیار۔ ایک کا تعلق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے ہے اور دوسرے کا تعلق وزیراعلیٰ کے سٹاف سے ہے۔ دونوں کا نیب سے رابطہ ہو چکا ہے وزیراعلیٰ کے خلاف نئی شکایات بھی (سامنے) آ گئیں۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).