سوشانت سنگھ کی خودکشی: انڈین سپریم کورٹ کا سی بی آئی کو تحقیقات کا حکم


انڈیا کی عدالت عظمی نے بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملے کو ملک کے اہم تفتیشی ادارے سی بی آئی کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت عظمیٰ نے بدھ کو سوشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ بہار کا سی بی آئی سے جانچ کرانے کا مطالبہ درست ہے۔

فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس رشی کیش رائے نے کہا کہ پٹنہ میں بھی ایف آئی آر درج کیا جانا قانونی طور پر درست تھا۔

اداکار سوشانت کی بہن شویتا نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ٹویٹ کیا کہ ‘آخر سوشانت کے لئے سی بی آئی!’ یہ ہوئی نا بات۔’

یہ بھی پڑھیے

’شوبز میں اب ذہنی صحت پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے‘

’بھائی کو اپنے اور اپنی ایک سہیلی کے درمیان چھپانے کی کوشش کی۔۔۔‘

’سوشانت آج زندہ ہوتے تو شائقین دل بیچارہ کے ٹریلر کو سستی لو سٹوری قرار دیتے‘

https://twitter.com/shwetasinghkirt/status/1295957307105239040

بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے کہا: ‘سپریم کورٹ کا فیصلہ ظاہر کرتا ہے کہ بہار پولیس ٹھیک تھی۔ میں بہت خوش ہوں کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے لوگوں کا اعتماد بڑھ گیا ہے اور انھیں یقین ہے کہ انصاف ہوگا۔ اس پورے معاملے میں ممبئی پولیس نے جس طرح سے کارروائی کی وہ غیر قانونی تھی۔’

سوشانت کے والد کے وکیل وکاس سنگھ نے کہا: ‘یہ سوشانت کے کنبے کے لیے فتح ہے۔ آج کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے جو کچھ بھی کہا وہ سب ہمارے حق میں ہے۔’

https://twitter.com/ANI/status/1295965557955547136

ریا چکرورتی نے پٹنہ میں درج مقدمہ کو ممبئی منتقل کرنے کی اپیل کی تھی۔

ریا نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ممبئی پولیس پہلے سے ہی سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس نے پولیس کے پاس اپنا بیان بھی درج کرایا ہے۔

ریا خود کو سوشانت کی گرل فرینڈ کہتی ہیں لیکن سوشانت کے والد نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے کی موت ریا کی وجہ سے ہوئی ہے۔ سوشانت کے والد نے 25 جولائی کو ریا کے خلاف پٹنہ کے راجیو نگر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی تھی۔

سماعت سے قبل سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ ریا کی جانب سے ایڈوکیٹ شیام دیوان اور حکومت بہار کی جانب سے منندر سنگھ نے دلائل پیش کیے۔ اسی دوران سوشانت کے والد کی طرف سے وکاس سنگھ اور مہاراشٹرا حکومت کی جانب سے ابھیشیک منو سنگھوی نے استدلال کیا۔

ریاست بہار کی حکومت کے وکیل نے کہا تھا کہ مہاراشٹرا پولیس نے سیاسی دباؤ کی وجہ سے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔ جبکہ مہاراشٹرا حکومت کے وکیل نے کہا تھا کہ بہار میں انتخابات کی وجہ سے اس کیس پر سیاست کی جا رہی ہے۔

بالی وڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی لاش 14 جون کو ممبئی کے باندرا میں واقع ان کے گھر سے ملی تھی۔ سوشانت کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ ان کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی نے انھیں خودکشی کرنے پر اکسایا اور انھیں کنبہ سے دور کردیا۔

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت نے ایک بار پھر بالی وڈ میں بیرونی افراد اور اقربا پروری کی بحث کو تیز کردیا ہے۔ فلم انڈسٹری کے ایک حصے کا الزام ہے کہ سوشانت کو بیرونی ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp