کورونا وائرس: این سی او سی کے مروجہ ضابطہ کار پر عمل نہ کرنے پر 22 تعلیمی ادارے بند، پاکستان میں یومیہ ٹیسٹنگ میں نیا ریکارڈ


سجکول

پاکستان میں کورونا وائرس کی نگرانی کرنے والے مرکزی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں مروجہ ضابطہ کار پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے گذشتہ 48 گھنٹوں میں 22 تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے۔

این سی او سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق 16 تعلیمی ادارے خیبر پختونخوا، پانچ ادارے آزاد کشمیر اور ایک اسلام آباد میں بند کیا گیا۔

دوسری جانب سندھ میں بھی دو کالجز کے عملے کے اراکین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کالجز کو بند کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

سرکاری و نجی سکول ایس او پیز پر عمل کے لیے کتنے تیار

جن سکولوں میں پانی تک میسر نہیں وہاں کورونا سے بچے کیسے بچیں؟

بچوں کو کورونا وائرس کے بارے میں بتائیں، ڈرائیں نہیں

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا کہ سندھ کے ضلع مٹیاری میں دو کالجوں کے عملے کے آٹھ اراکین کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد ان کالجوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ایک اور ٹویٹ میں سعید غنی نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کی وجہ سے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بھی پانچ سکولوں کو بند کیا گیا ہے۔

https://twitter.com/SaeedGhani1/status/1306433684430442497

یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں طلبہ اور عملے کے اراکین میں کورونا وائرس کے 16 کیسز کی تشخیص کے بعد ایک میڈیکل کالج کو بند کر دیا گیا تھا۔

وفاقی حکومت نے 15 ستمبر سے سکولوں (صرف نویں اور دسویں جماعت)، کالجز اور جامعات کو مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کی اجازت دی تھی جس کے ساتھ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔

پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ ٹیسٹنگ

فروری سے شروع ہونے والی وبا کے آغاز کے ساتویں مہینے میں پاکستان میں کل متاثرین کی تعداد اب تک تین لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 6399 ہے۔

گذشتہ روز پاکستان نے اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کیے جن کی تعداد 31808 تھی اور ان کے نتیجے میں صرف 545 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

حیدر آباد

پاکستان میں اگست کے شروع سے لے کر اب تک ایک روز بھی ہزار سے زیادہ نئے متاثرین کی تشخیص نہیں ہوئی ہے اور بالخصوص 20 اگست کے بعد سے اب تک صرف ایک بار یومیہ متاثرین کی تعداد 600 سے زیادہ ہوئی ہے۔

اسی طرح اموات کی تعداد میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی ہے اور نہ صرف 23 جولائی کے بعد سے 50 سے زیادہ اموات ریکارڈ نہیں کی گئیں، بلکہ دو ستمبر کے بعد سے اب تک ایک روز بھی یومیہ اموات دس سے زیادہ نہیں ہوئی ہیں۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اب جب تقریباً تمام پابندیاں ہٹ چکی ہیں اور تعلیمی ادارے بھی کھل گئے ہیں، عوام کو ایس او پیز پر بے حد توجہ دینے کی ضرورت ہوگی ورنہ خدشہ ہے کہ یہ تعداد ایک بار پھر بڑھ جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32496 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp