اب جب نواز شریف بولنے لگا ہے تو کیوں جان پر بن گئی ہے؟ روک سکو تو روک لو! مریم نواز

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

سابق وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں ورچوئل شرکت کی دعوت قبول کرنے کے بعد حکومت، نواز شریف کا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب روکنے کے لیے متحرک ہو گئی۔ نوازشریف کی تقریر دکھانے کی صورت میں وزراء کے پیمرا اور دیگر آپشن استعمال کرنے کے بیانات پر مریم نواز بھی میدان میں آگئیں اور کہا کہ “اب جب نواز شریف بولنے لگا ہے تو کیوں جان پر بن گئی ہے؟ روک سکو تو روک لو!”

ٹوئٹر پر مریم نوز نے لکھا کہ ” کنٹینر پر گالیاں دینے، ہنڈی اورسول نافرمانی کی تلقین کرنے، بجلی کے بل پھاڑنے، سرکاری املاک و پولیس پر حملے کرنے والوں کو تو نواز شریف نے روکا نہ پیمرا کو استعمال کیا گیا اب جب نواز شریف بولنے لگا ہے تو کیوں جان پر بن گئی ہے؟اس کی آواز گھر گھر گونجے گی انشاء اللّہ روک سکو تو روک لو!”

اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے بتایا تھا کہ سوشل میڈیا پر بھی نواز شریف کا بیان دکھانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ وہ ایک شہری کی تجویز کا جواب دے رہی تھیں جس میں اس کا کہنا تھا کہ ” نواز شریف کا اے پی سی سے خطاب لندن سے ہی سوشل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمز بشمول فیس بک، ٹویٹر، یوٹیوب پر لائیو سٹریم کرنا چاہئے تاکہ اسے پاکستان میں بلاک کرنا ممکن نہ ہو”۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے۔

شہباز گل کا کہنا یہ بھی کہنا تھا یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی ایکٹیوٹیز کرے اور بھاشن دے-ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، یہ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ نوازشریف مفرور اور اشتہاری ہیں، اگر کوئی منفی سیاسی سرگرمی ہوئی تو نتائج سخت ہوں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ منی لانڈرنگ کوتحفظ دینے کےلئے کل اے پی سی ہوگی، اے پی سی کا ایجنڈا لوٹ مار کو تحفظ دینا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل شریف اورآل زرداری کی کہانی ایک ہی ہے۔ جس بھی کام میں مریم صفدرنے ہاتھ ڈالاوہ جگ ہنسائی کا باعث بنا، مریم صفدرجس کام پر ہاتھ رکھیں گی اس کا بیڑہ غرق ہو جائےگا، انہوں نے کہاکہ فضل الرحمان احتساب کے جلوے کی فکرکریں حلوے کی نہیں، وزیراعظم ملکی خزانے کوحلوہ نہیں سمجھتے۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •