بیٹلز بینڈ کے گلوکار جان لینن کے قاتل کا اپنے اقدام پر ’سخت ندامت‘ کا اظہار


John Lennon and Yoko Ono pictured backstage at Top of the Pops in 1970

جان لینن اور ان کی اہلیے یوکو اونو

معروف میوزک بینڈ بیٹلز کے گلوکار جان لینن کے قاتل مارک چیپ مین نے گلوکار کی اہلیہ یوکو اونو سے 40 سال بعد معافی مانگی ہے۔

مارک چیپ مین نے دسمبر 1980 میں جان لینن کو ان کے نیو یارک کے اپارٹمنٹ کے باہر ان کی اہلیہ کی موجودگی میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

گذشتہ ماہ ہونے والی ایک سماعت میں مارک چیپ مین کو 11ویں مرتبہ ‘عارضی رہائی’ دینے سے انکار کیا گیا تھا۔

مارک چیپ مین نے سماعت میں کہا تھا کہ وہ اپنے ‘گھناؤنے اقدام’ کے بارے میں مسلسل سوچتے ہیں اور انھوں نے اب تسلیم کر لیا ہے کہ وہ اپنی باقی ماندہ زندگی جیل میں ہی گزاریں گے۔

‘وہ ایک ستارہ تھا’

مارک چیپ مین نے نیویارک میں وینڈے کرکشینل فسیلیٹی میں، جہاں وہ قید ہیں، سماعت کے دوران معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انھیں اپنے کیے پر بہت افسوس ہے۔

‘میرے پاس کوئی عذر نہیں ہے۔ یہ میں نے صرف اپنی خود نمائی کے لیے کیا تھا۔ میرے خیال میں کسی معصوم کے ساتھ کچھ غلط کرنا سب سے برا جرم ہوتا ہے۔ وہ بہت معروف شخصیت تھے، اور میں نے انھیں اس لیے قتل نہیں کیا کہ ان کی شخصیت میں کوئی خامی تھی۔ وہ خاندانی شخص تھے۔ وہ ایک سٹار تھے۔ انھوں نے اُن چیزوں پر بات کی جن کے بارے میں ہم آج بات کر سکتے ہیں۔’

A mug-shot of Mark David Chapman, following his arrest for the murder of John Lennon

جان لینن کے قاتل مارک چیپ مین

مارک چیپ مین نے مزید کہا ‘میں نے انھیں قتل کیا۔ صرف اس لیے کیونکہ وہ بہت بہت بہت مشہور تھے اور صرف یہی وجہ تھی، اور میں صرف اور صرف اپنے مشہوری اور خود نمائی چاہتا تھا۔ میں اعتراف کرتا ہوں کہ یہ میری جانب سے خود غرضی پر مبنی اقدام تھا اور میں یوکو (جان لینن کی اہلیہ) کو پہنچنے والی تکلیف پر بہت معذرت خواہ ہوں۔ میں ہر وقت اس بارے میں سوچتا رہتا ہوں۔’

سنہ 2015 میں یوکو اونو نے، جو کہ ایک آرٹسٹ ہیں، ویب سائٹ ڈیلی بیسٹ کو بتایا تھا کہ وہ اس وقت کے بارے میں مسلسل خوف میں رہتی ہیں کہ جب مارک چیپ مین کو آزادی ملے گی۔ انھوں نے اب تک مارک چیپ مین کی عارضی رہائی کی ہر اپیل کو چیلینج کیا ہے۔

‘مجھے یہ لگتا ہے کہ اس نے ایک بار یہ کیا ہے، تو بار بار کر سکتا ہے، کسی اور کے ساتھ۔ میرے ساتھ، میرے بیٹے شون کے ساتھ، کوئی بھی ہو سکتا ہے۔’

جس وقت مارک چیک مین نے جان لینن کو قتل کیا تھا اس وقت ان کی عمر 25 برس تھی اور اب وہ 65 برس کے ہو چکے ہیں۔ وہ شادی شدہ ہیں اور ان کی اہلیہ اُس جیل کے قریب ہی رہتی ہیں جہاں وہ گذشتہ آٹھ سال سے قید ہیں۔

مارک چیپ مین اب دو سال بعد دوبارہ عارضی رہائی کی اپیل کے اہل ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32191 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp