سوشانت سنگھ کی خودکشی: دپیکا پڈوکون سمیت متعدد ستارے تحقیقات کے لیے انسدادِ منشیات بیورو طلب


انڈیا

چند ماہ قبل خود کشی کرنے والے بالی وڈ کے اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد سے انڈین حکام اس واقعے میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں جمعرات کو بالی وڈ ستاروں راکول پریت، شروتی مودی اور فیشن ڈیزائنر سیمیون کھمبٹا کو انسدادِ منشیات بیورو (این سی بی) کے سامنے طلب کیا گیا ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق این سی بی کے سینیئر عہدیداروں نے بتایا کہ ان کے علاوہ اداکارہ دپیکا پڈوکون کو بھی پوچھ گچھ کے لیے 25 ستمبر کو بیورو کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔

اسی طرح اداکارہ سارہ علی خان اور شردھا کپور کو 26 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کی کہانی

سشانت سنگھ راجپوت: بولی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی گرفتار

سوشانت سنگھ راجپوت: سی بی آئی سے انکوائری کروانے کی سفارش

اس سے قبل دپیکا پڈوکون کی مینیجر کرشمہ پرکاش کو بھی تحقیقات کے لیے بلایا گیا تھا لیکن خرابی صحت کی بنا پر انھوں نے بیورو سے مزید وقت مانگا ہے۔

این سی بی کے مطابق کرشمہ پرکاش کے واٹس ایپ چیٹ میں منشیات کے حوالے سے کچھ بات چیت پائی گئی ہے۔

ابھی تک منشیات خریدنے اور استعمال کرنے کے معاملے میں بالی وڈ کے کئی ستاروں کے نام سامنے آ چکے ہیں۔

منگل کو اداکارہ دیا مرزا نے اپنے انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں ان تمام الزامات کی تردید کی کہ ان کا نام منشیات کے استعمال کی تفتیش میں شامل ہوا ہے۔

https://www.instagram.com/p/CFcH1mXjHr0/

دیا مرزا نے مزید کہا کہ وہ ایک نہایت اچھی شہرت کی حامل انڈین شہری ہیں اور وہ ان خبروں کے حوالے سے تمام قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتی ہیں جو اُن کے خلاف ایسی خبریں چلا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ دیا مرزا نے اس الزام سے انکار کیا ہے کہ انھوں نے کبھی بھی منشیات کا استعمال کیا ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے اس معاملے میں قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

اس سے قبل نو ستمبر کوانڈیا میں انسدادِ منشیات کے محکمے نے بولی وڈ اداکار ریا چکرورتی کو ان کے بوائے فرینڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے منسلک منشیات کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔

بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تفتیش سے شروع ہونے والا معاملہ اب بالی وڈ میں منشیات کے بکثرت استعمال سے متعلقہ سوالات سے گِھر چکا ہے۔

منشیات کے استعمال کی تفتیش کے معاملے میں پہلے سشانت کی دوست ریا چکروتی کے بھائی شووک چکروتی کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا تھا۔

ریا چکرورتی

گذشتہ اتوار کو انڈیا کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اسی کیس میں چھ دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا تھا۔

اداکارہ کنگنا رناوت نے بالی وڈ میں کام کرنے والے ’99 فیصد افراد‘ پر منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا تھا اور دوسری طرف ممبئی پولسی منشیات کے استعمال کے حوالے سے کنگنا سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔

اس معاملے میں بالی وڈ کے دیگر مشہور ستاروں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ متعدد فلمی ستاروں نے رابطہ کرنے پر اس بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا۔

تاہم اس واقعے کو ملنے والی کوریج پر کئی لوگ کافی ناخوش بھی نظر آتے ہیں۔ پرتھ نامی انڈین صارف نے لکھا کہ 25 ستمبر کو انسدادِ منشیات بیورو میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ 25 ستمبر کو ہی پورے انڈیا کے کسان مظاہرے کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان دونوں واقعات کو ٹی وی پر ملنے والی کوریج کا مقابلہ کیا جائے۔

اسی طرح چند صارفین یہ مطالبہ بھی کر رہے ہیں کہ وہ وہ تمام فلمی ستارے جن کے نام منشیات استعمال میں سامنے آ رہے ہیں انھیں کسی برانڈ کے اشتہار میں شامل کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp