آسٹریلیا: ساحل پر پھنسی 108 وہیل مچھلیوں کو سمندر واپس چھوڑ دیا گیا


وہیل

سمندری ماہرین کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ساحل پر پھنسی 108 پائلٹ وہیل مچھلیوں کو سمندر واپس چھوڑ دیا گیا ہے۔

ان کا ماننا ہے کہ تسمانیہ کا مغربی ساحل پر میکوائر ہاربر اب وہیلز سے پاک ہے تاہم 350 وہیل مھچلیاں ساحل پر پھنسے رہنے کی وجہ سے مر گئی ہیں۔

ہفتے کے روز تسمانیہ کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ 108 پائلٹ وہیل مچھلیوں کو میکوائر ہاربر کے باہر پانی میں چھوڑ دیا گیا ہے۔

سمندری حیات کے تحفظ پر کام کرنے والے ماہر حیاتیات ڈاکٹر کرس کیرلون نے امدادی ٹیم کی اس پانچ دن کی محنت کو حیرت انگیز نتیجہ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مردہ سپرم وہیل کے معدے سے چھ کلو پلاسٹک برآمد

وہیل کو کس طرح تولا جاتا ہے

آسٹریلیا میں وہیل مچھلی نے ایک خاتون کو زخمی کر دیا

اب مر جانے والی وہیل مچھلیوں کو بندرگاہ سے نکالے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایسا کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں جس کا انحصار ’ہوا اور دوسرے حالات پر ہو گا۔‘

پارکس اینڈ وائلڈ لائف سروس کے راب بک کے مطابق گذشتہ روز 15 ویلز کو سمندر میں دفن کیا گیا تھا تاکہ اس طریقۂ کار کی کامیابی کی جانچ ممکن ہوسکے۔‘

’اس سلسلے میں آبی زراعت کی کمپنیوں کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ ان کے آلات اور مہارت وقت پر بہتر نتائج کے لیے اہم ہیں۔‘

وہیل

BILAL RASHID/REUTERS
مقامی آبادی سے کہا گیا ہے کہ اس علاقے سے دور رہیں جب تک یہ کام چل رہا ہے۔

وہیلز کیسے پھنس جاتی ہیں

پیر کو کچھ پائلٹ وہیلز میکوائر ہاربر کے ساحل سمندر پر پانی کے بہاؤ کے ساتھ آگئی تھیں۔ ابتدائی ریسکیو عملے نے قریب 270 وہیلز دیکھیں جبکہ منگل کو ایک ہیلی کاپٹر نے قریب 200 وہیلز کی نشاندہی کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ دوسرا گروہ بھی پہلے کا حصہ ہوسکتا ہے لیکن وہ شاید پانی کی لہروں کے ساتھ ساحل پر پہلے آگئیں تھیں۔

وہیل

BILAL RASHID/REUTERS
آسٹریلیا میں 80 فیصد سے زیادہ وہیلز تسمانیہ کے ساحلوں پر پھنس جاتی ہیں اور ماہرین اس حوالے سے میکوائر ہاربر کو متاثرہ علاقہ سمجھتے ہیں۔

وہیلز کا اس تعداد میں پھنسا ہونا پہلی بار ہوا ہے۔ اس سے قبل 1996 میں مغربی آسٹریلیا کے ساحل پر 320 وہیلز پھنس گئی تھیں جو ملکی ریکارڈ رہا۔

یہ واضح نہیں کہ وہیلز کیسے پھنس جاتی ہیں لیکن پائلٹ وہیلز کے بارے میں خیال ہے کہ ان کے ساحل پر پھنسنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ ان کی نسل ختم ہونے کے حوالے سے خطرات موجود نہیں جبکہ ان کی کل تعداد کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔

اس حوالے سے کئی مفروضے موجود ہیں۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ وہیل مچھلیاں اپنے شکار کے تعاقب میں راستہ بھول جاتی ہیں اور ساحل پر آجاتی ہیں۔

یہ کہا جاتا ہے کہ ایک وہیل مچھلی پورے گروہ کو غلطی سے ساحل پر لے آتی ہے۔

محققین کا خیال ہے کہ وہیل مچھلیوں کے ایسے گروہ ساحل کے قریب بھٹک سکتے ہیں کیونکہ کم پانی میں ان کی آواز کے سگنل کام نہیں کرتے جو دراصل انھیں بتاتے ہیں کہ پانی کتنا گہرہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32483 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp