جنرل قمر جاوید باجوہ: فوج آئین کے مطابق حکومت کی حمایت جاری رکھے گی


جنرل قمر جاوید باجوہ
پاکستان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمنوں نے اپنے عزائم میں ناکام ہونے کے بعد پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ چھیڑ رکھی ہے۔

پاکستان ملٹری اکیڈیمی سے پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل باجوہ نے کہا کہ اس جنگ کا نشانہ عوام اور میدانِ جنگ ان کے ذہن ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قومی قیادت ہر سطح پر اس جنگ کا ہدف ہے۔

تاہم ان کی بات سے یہ واضح نہیں کہ کیا اس سے مراد سیاسی قیادت بھی ہے۔ کیونکہ اپنے خطاب میں جنرل باجودہ نے کمیشن پانے والے نئے فوجی افسران کو ‘ینگ لیڈرز’ یعنی نوجوان قائدین کہہ کر مخاطب کیا اور انھیں خبردار کیا کہ ‘آپ کو بحیثیت ینگ لیڈرز پہلے دِن سے اِس چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔’

انھوں نے نوجوان فوجی افسروں پر زور دیتے ہوئے کہا، ‘ آپ کو نہ صرف مایوسی کے اس ماحول سے اُمید کی کِرن بننا ہے بلکہ اپنے جوانوں کو بھی اِس پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنا ہو گا۔’

آرمی چیف نے انڈیا کا نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان آرمی نے فروری 2019 میں اپنے سے 5 گنا بڑے دُشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا۔ گزشتہ برس انڈین جنگی طیاروں نے خیبر پختونخوا کے علاقے بالاکوٹ میں ‘دہشتگردوں کے ٹھکانے’ کو تباہ کرنے کا دعوٰی کیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ہائبرڈ جنگ کا مقصد پاکستان میں اُمید کی اِس فضا کو ٹھیس پہنچانا ہے اور اِس مفروضے کو تقویت دینا ہے کہ یہاں کچھ بھی اچھا نہیں ہو سکتا۔

تاہم اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے نوجوان فوجی افسروں کو خبردار کیا کہ وہ مثبت تنقید کو ہائبرڈ وار سے نہ جوڑیں۔ انھوں نے کہا، ‘ ایسی تنقید جس کا بہت شور اور چرچا لگے۔ شائد اعتماد، محبت اور حب الوطنی کا نتیجہ ہو، لہذا ایسی تنقید پر توجہ دینی چاہیے،’ اور اصلاح احوال کے لیے کام کرنا چاہیے۔

پاکستان کی سیاسی صورتحال کا حوالہ دیے بغیر انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوج کو جس کام کے فرائض بھی سونپے جائیں گے ‘ہم آئین اور قانون کی راہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔’

جنرل باجوہ نے کہا کہ آئینِ پاکستان اور قومی مفادات تمام معاملات میں فوج کے راہنما ہیں، اور ‘عوام، دستور، دستوری روایات اور سب سے بڑھ کر وطن سے عہد ِ وفا ہماری اصل مضبوطی اور طاقت ہے۔’

فوج کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ ہو یا کووڈ کے خلاف حکمت عملی، لوکٹس کا جواب ہو یا سیلابی صورتحال ‘ہم نے بحیثیت قوم اپنی قابلیت اور اہلیت کو کارکردگی سے ثابت کیا ہے۔’

جنرل باجوہ نے کہا کہ ‘پاکستا ن آرمی کو ان تمام قومی کوششوں میں شامل ہونے پر فخر ہے کیونکہ اس قوم نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، بالخصوص جب ہم پاکستان کے دُشمنوں کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے۔’

ان کے مطابق پاکستان آرمی پاکستانی قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے۔ انھوں نے نوجوان فوجی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘اُصولوں اور روایات پر عمل پیرا ہو کر ہی آپ اِس ہائبرڈ وار کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp