کراچی کا واقعہ ہمارے بیانیہ ‘ریاست کے اوپر ریاست’ کا کھلا ثبوت ہے: نواز شریف


پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں جو ہوا اور ہو رہا ہے، وہ ہمارے بیانیے ‘ریاست کے اوپر ریاست ہے’ کا کھلا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ آپ نے منتخب صوبائی حکومت کا مذاق اڑایا اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے کے مرتکب ٹھہرے۔ انہوں نے کیپٹن صفدر کو ان کے کمرے کا دروازہ توڑ کر گرفتار کرنے پر لکھا کہ آپ نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ہے۔

نواز شریف نے اپنے ٹوئیٹر پر لکھا کہ صوبے کے سینئر ترین افسر کو زبردستی اغوا کر کے کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے کے آرڈرز لئے اور پاک فوج کو بدنام کیا۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس سندھ اور دیگر افسران کی چھٹی کی درخواست پوسٹ کر کے نواز شریف نے لکھا ہے کہ یہ خط آپ کی آئین سے بغاوت کا ثبوت ہے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر مقدمے اور گرفتاری کیلئے پولیس حکام پر دباؤ کے معاملے پر، کراچی پولیس چیف،ایڈیشنل آئی جی سندھ سمیت 15 سے زائد اعلیٰ پولیس افسران نے احتجاجاً چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

چھٹی پر جانے والے افسران میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اور متعدد ڈی آئی جیز شامل ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران یعقوب منہاس نے اپنی چھٹیوں کی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ کیپٹن(ر) صفدرکے خلاف ایف آئی آرکے واقعےمیں پولیس افسران کو بے عزت کیا گیا اور ایف آئی آر کے معاملے میں افسران سے ناروا رویے پر تمام پولیس افسران کو دھچکا لگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).