نیوزی لینڈ کی اکثریت ناقابلِ علاج مریضوں کو خودکشی کا حق دینے کی حامی


نیوزی لینڈ کے عوام کی اکثریت نے یوتھنیزیا کو قانونی قرار دینے کے حق میں ووٹ دیا ہے جب کہ تفریح کی غرض سے بھنگ پینے کو قانونی قرار دینے کی مخالفت کی ہے۔

نیوزی لینڈ میں 17 اکتوبر کو دو متنازع مسائل پر عوامی رائے کے لیے ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے الیکٹورل کمیشن نے جمعے ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم میں عوام کی اکثریت نے یوتھنیزیا (ڈاکٹروں کی جانب سے ناقابلِ علاج مرض میں قریب المرگ افراد کی طبی عملے کی مدد سے خودکشی) کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

الیکٹورل کمیشن کے مطابق اب تک بیرونِ ملک سے آنے والے پانچ لاکھ کے قریب ووٹ گننا باقی ہیں۔ تاہم ان ووٹوں کی تعداد اتنی نہیں ہے کہ یوتھنیزیا کے خلاف فیصلہ جائے.

کمیشن کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والے ووٹ تفریحی طور پر بھنگ کے قانونی بنانے کے خلاف فیصلے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

کینیڈا میں بھنگ کو قانونی حیثیت مل گئی

اب تک 65 اعشاریہ دو فی صد افراد نے یوتھنیزیا کو قانونی قرار دینے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق ریفرنڈم کے حتمی نتائج چھ نومبر کو شائع کیے جائیں گے۔

نیوزی لینڈ ‘یوتھنیزیا’ کو قانونی قرار دینے والا دنیا کا ساتواں ملک بن جائے گا۔

اس قانون کے تحت وہ ناقابلِ علاج مریض جن کے پاس چھ ماہ سے بھی کم وقت بچا ہوگا وہ طبی عملے کی مدد سے خودکشی کی درخواست دے سکتے ہیں۔

ایسی درخواست 18 برس سے بڑی عمر کے افراد دے سکتے ہیں اور اس کے لیے دو ڈاکٹروں کی رضامندی درکار ہو گی۔

نیوزی لینڈ میں یہ قانون نومبر 2021 سے لاگو ہو گا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں یوتھنیزیا کی بحث لیکریٹیا سیلز نامی وکیل نے شروع کی تھی۔

دماغ کے کینسر میں مبتلا لیکریٹیا نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ انہیں مرضی سے مرنے کا حق دیا جائے۔ عدالت نے 2015 میں ان کی درخواست مسترد کر دی تھی اور اسی روز ان کا انتقال ہو گیا تھا۔

بھنگ کو قانونی قرار دینے پر کانٹے کا مقابلہ

نیوزی لینڈ میں تفریحی کی غرض سے بھنگ پینے سے متعلق ریفرنڈم کے نتائج کسی بھی جانب جا سکتے ہیں۔

کمیشن کے مطابق اب تک 53 اعشاریہ ایک فی صد عوام نے بھنگ کے استعمال کو قانونی قرار دینے کے خلاف ووٹ دیا ہے۔

اگر نیوزی لینڈ میں بھنگ کو قانونی قرار دینے کی اجازت مل جاتی ہے تو وہ کینیڈا اور یوراگوئے کے بعد تیسرا ملک ہوگا جہاں بھنگ کا استعمال قانوناً جائز ہے۔

یاد رہے کہ 2017 میں نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے بھنگ سے متعلق ریفرنڈم کی حمایت کی تھی۔

حالیہ انتخابات کے دوران انہوں نے اس بارے میں کوئی پوزیشن لینے سے دوری اختیار کی لیکن جمعے کو اُن کے ایک ترجمان نے اعتراف کیا کہ وزیرِ اعظم نے ریفرنڈم کے دوران تفریحی طور پر بھنگ پینے کو قانونی بنانے کے حق میں ووٹ ڈالا تھا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa