ہالی وڈ اسٹار اسکارلیٹ جوہانسن نے تیسری شادی کرلی


ہالی وڈ اسٹار اسکارلیٹ جوہانسن نے مزاحیہ اداکار کولن جوسٹ سے شادی کر لی ہے۔ یہ اُن کی تیسری شادی ہے۔

شادی کی تقریب گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ہوئی تھی مگر اس کا اعلان جمعرات کو کیا گیا۔ پینتیس سالہ اداکارہ نے ہفتے کی شب ‘سٹرڈے نائٹ لائیو’ کے 38 سالہ مصنف اور اداکار کولن جوسٹ سے شادی کی جب کہ دونوں گزشتہ سال مئی سے ایک دوسرے سے رابطے میں تھے اور دونوں کی اکثر ملاقاتیں ہوتی رہی تھیں۔

جوہانسن گزشتہ برس سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ تھیں۔ اُن کی نئی فلم ‘بلیک وِڈو’ کی ریلیز کرونا وائرس کے سبب کئی مرتبہ ٹل چکی ہے۔

جوہانسن کی شادی کا اعلان ایک فلاحی تنظیم ‘میلز آن وہیلز امریکہ’ نے اپنے انسٹاگرام آفیشل اکاؤنٹس سے کیا۔

فلاحی تنظیم نے اپنے پیغام میں بتایا کہ شادی کی تقریب میں اہلِ خانہ اور خاص مہمان شریک تھے اور اس دوران کووڈ 19 کی احتیاط کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔

پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘میلز آن وہیلز امریکہ’ کے ذریعے شادی کا مقصد تنظیم کی امداد کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کے مشکل دور میں کمزور اور عمر رسیدہ افراد کی مالی اعانت ہے۔

نیو یارک میں پیدا ہونے والی جوہانسن اس سے قبل دو شادیاں کر چکی ہیں۔ ان کی پہلی شادی کینیڈین اداکار ریان رینالڈز سے ہوئی تھی جب کہ دوسری مرتبہ وہ فرانسیسی صحافی رومین ڈوریق سے شادی کے بندھن میں بندھیں۔

وہ بطور چائلڈ آرٹسٹ متعدد کردار ادا کر چکی ہیں تاہم اُنہیں اصل شہرت 2003 میں صوفیہ کوپولا کی آسکر ایوارڈ یافتہ رومانوی و مزاحیہ فلم ‘لوسٹ ان ٹرانسلیشن’ میں اداکاری کرنے پر ملی۔

اس شہرت کے بعد ہی اُنہیں مرکزی کردار ملنا شروع ہوئے۔ وہ فلم ساز ادارے ‘مارول اسٹوڈیوز’ کی آٹھ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

جوہانسن گزشتہ برس سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ تھیں۔ (فائل فوٹو)
جوہانسن گزشتہ برس سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ تھیں۔ (فائل فوٹو)

امریکی جریدہ ‘فوربس’ اُنہیں سال 2019 میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ قرار دے چکا ہے۔ اس فہرست میں ان کا نام 56 ملین ڈالرز کمانے کے عوض شامل کیا گیا تھا۔

جوہانسن گزشتہ سال فلم ‘جوجو ریبٹ’ اور ‘میریج اسٹوری’ کے لیے آسکر ایوارڈ حاصل کرنے کی غرض سے بھی دو مرتبہ نامزد ہوچکی ہیں۔

جوہانسن اداکاری کے علاوہ خواتین کے حقوق کے لیے بھی آواز بلند کرتی رہی ہیں۔ وہ خواتین کو جنسی طور پر ہراساں اور زیادتی کا شکار خواتین کے دفاع کی غرض سے مالی معاونت کرنے والے اولین افراد میں شامل ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa