وراٹ کوہلی کو چھٹی مل گئی


بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے پیشِ نظر کرکٹ بورڈ نے اُنہیں چھٹیاں دے دی ہیں جس کے بعد اُن کی غیر موجودگی میں دورۂ آسٹریلیا کے دوران ٹیم کی قیادت اجنکایا ریہانے کریں گے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہو رہی ہے جس کے دوران چار ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 27 نومبر کو ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کھیلا جانا ہے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوہلی نے 26 اکتوبر کو سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں اپنی چھٹیوں کا بتا دیا تھا۔

اُن کے بقول کوہلی نے آگاہ کیا تھا کہ وہ پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف 17 دسمبر کو کھیلے جانے والے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد وطن واپس چلے جائیں گے۔

ایک ناپسندیدہ ریکارڈ جو ویراٹ کوہلی کے نام ہو گیا

جے شاہ کے مطابق بی سی سی آئی نے کوہلی کی چھٹیوں کی درخواست منظور کر لی ہے اور اُن کی غیر موجودگی میں اجنکایا ریہانے ٹیم کی قیادت کریں گے۔

کوہلی کی قیادت میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ برس پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ وراٹ کوہلی کی اہلیہ اور اداکارہ انوشکا شرما حاملہ ہیں اور بھارتی ذرائع ابلاغ میں اس جوڑے کے ہاں ننھے مہمان کی آمد سے متعلق خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔

انوشکا نے 27 اگست کو ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ جنوری 2021 میں ان کی فیملی میں ایک مہمان کا اضافہ ہونے والا ہے۔

دورۂ آسٹریلیا اور بھارتی ٹیم میں تبدیلیاں

دورۂ آسٹریلیا سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو انجریز کے مسائل کا سامنا ہے۔ بی سی سی آئی نے دورۂ آسٹریلیا کے لیے ٹیم میں متعدد تبدیلیاں بھی کی ہیں۔

بی سی سی آئی نے اوپنر روہت شرما کو دوبارہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے جنہیں پہلے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا تھا۔

بھارتی فاسٹ بالر ایشانت شرما کو بھی دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے جنہیں پٹھوں میں درد کی وجہ سے ابتدائی طور پر ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

روہت شرما فٹ ہیں یا ان فٹ، معاملہ مزید الجھ گیا

کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ وکٹ کیپر ردھیمن ساہا دبئی میں کھیلی جا رہی انڈین پریمیئر لیگ میں انجرڈ ہو گئے تھے، دورۂ آسٹریلیا کے لیے اُن کی دستیابی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ میں رشب پانت کو بطور متبادل وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔

سنجو سیمسن کو ون ڈے ٹیم میں بطور اضافی وکٹ کیپر شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح انجری کا شکار ہونے والے اسپنر ورون چکراورتھی کی جگہ فاسٹ بالر ٹی نتراجان کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ

کپتان، وراٹ کوہلی، شیکر دھاون، میانک اگروال، کے ایل راہول، شریاس ایئر، منیش پانڈیا، ہاردک پانڈیا، سنجو سیمسن، روندرا جدیجا، واشنگٹن سندر، یزوندرا چاہل، جیسپرٹ بمراہ، محمد شامی، نودیپ سیانی، دیپک چاہر اور ٹی نتراجان شامل ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ:

کپتان ویرات کوہلی، شیکر دھاون، شبمان گل، کے ایل راہول، شیریاس ایئر، منیش پانڈیا، ہاردک پانڈیا، مایانگ اگروال، روندرا جدیجا، یزویندرا چاہل، کلدیپ یادیو، جیسپرت بمراہ، محمد شامی، نودیپ سیانی، شاندر ٹھاکر اور سنجو سیمسن شامل ہیں۔

ٹیسٹ اسکواڈ:

کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما، میانگ اگروال، پرتھوی شاہ، کے ایل راہول، چتیسور پجارا، اجنکایا ریہانے، ہنومن ویہاری، شبمان گل، ردھیمان ساہا، رشب پانٹ، جیسپرت بمراہ، محمد شامی، اومیش یادیو، نودیپ سیانی، کلدیپ یادیو، روندرا جدیجا، روی چندرن ایشون اور محمد سراج شامل ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa