گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ مسلسل تیسرے برس ‘آرٹسٹ آف دی ایئر’ قرار


امریکن میوزک ایوارڈز (اے ایم اے) کی شاندار پرفارمنسز سے سجی شام میں ٹیلر سوئفٹ مسلسل تیسرے سال ‘آرٹسٹ آف دی ایئر’ کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔

لاس اینجلس کے مائیکرو سوفٹ تھیٹر میں اتوار کو اے ایم اے ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی۔

سال کے بہترین گلوکار کے ایوارڈ کی دوڑ میں ٹیلر سوئفٹ نے جسٹن بیبر، پوسٹ مالون اور روڈی رچ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مسلسل تیسرے برس یہ ایوارڈ حاصل کیا۔

ٹیلر سوئفٹ نے ‘فیورٹ پوپ’ اور ‘راک فیمیل آرٹسٹ’ کا بھی ایوارڈ اپنے نام کیا اور اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر تین ایوارڈز جیتے۔

ذاتی مصروفیات کے باعث سوئفٹ ایوارڈ شو میں شریک نہ ہوسکیں تاہم اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ اسٹوڈیو میں اپنا تمام پرانا میوزک دوبارہ ریکارڈ کرا رہی ہیں اور جلد اپنے سننے والوں تک اسے پہنچانا چاہتی ہیں، جس کے باعث وہ تقریب میں شریک نہ ہو سکیں۔

کینیڈین سنگر ویک اینڈ نے ‘فیورٹ سول آر اینڈ بی میل آرٹسٹ’، ‘فیورٹ سول آر اینڈ بی البم آفٹر آورز’ اور ‘فیورٹ سول آر این ڈبی سونگ’ کا ایوارڈ اپنے گانے ‘ہارٹ لیس’ پر حاصل کیا۔

‘نیو آرٹسٹ’ اور ‘فیورٹ سول آر این ڈبی فی میل آرٹسٹ’ کا ایوارڈ ڈوجا کیٹ کو دیا گیا۔

فیورٹ کنٹری گروپ کے ایوارڈ کا حق دار ڈین پلس شئے کو دیا گیا۔ انہوں نے تقریب میں پرفارمنس کا مظاہرہ بھی کیا۔

‘فیورٹ ریپ ہپ ہاپ’ کا ایوارڈ میگن دی اسٹالن اور کار ڈی بی کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سال کے امریکن میوزک ایوارڈز کی نامزدگیاں اسٹریمنگ، البم، ڈیجیٹل سیل، ریڈیو ایئر پلے اور سوشل ایکٹیوٹی کی بنیاد پر کی گئیں۔ نامزدگیوں کے لیے 27 ستمبر 2019 سے 24 ستمبر 2020 کے درمیان کی پرفارمنس کا انتخاب کیا گیا تھا۔

میوزک ایوارڈ تقریب کے دوران کیٹی پیری نے اپنے گانے ‘اونلی لو’ کو جذباتی انداز میں پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ فلم ‘میری می’ میں شامل گانوں ‘پا: تی’ اور ‘لونلی’ پر جینفر لوپز اور ماموما نے پرفارم کیا اور داد وصول کی۔

کینیڈین گلوکار اور رائٹر ویک اینڈ، کینی جی سمیت متعدد فن کاروں نے شو میں لائیو پرفارمنس پیش کی جب کہ بہت سے آرٹسٹ کرونا وائرس کی وبا کے باعث اپنے فن کا مظاہرہ نہ کرسکے۔

تھیٹرز کی سیٹوں پر جے زی سمیت دیگر مشہور ستاروں کے کٹ آؤٹ رکھے گئے تھے۔ جسٹن بیبر اور شون مینڈس کی پہلے سے ریکارڈ پرفارمنس بھی تقریب میں شامل کی گئیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa