گریمی نامزدگیاں: گلوکارہ بیونسے سرِفہرست، بعض فن کاروں کے تحفظات


موسیقی کی دنیا کے سب سے بڑے گریمی ایوارڈز کے لیے مختلف شعبوں میں نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لیکن رواں سال متعدد ہٹس دینے والے کینیڈین سنگر ویک اینڈ نے نامزدگیوں پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں ‘کرپٹ’ قرار دیا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق امریکی گلوکارہ بیونسے، گریمی کی تاریخ میں مجموعی طور پر 79 نامزدگیوں کے ساتھ سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی دوسری آرٹسٹ بن گئی ہیں۔

31 جنوری 2021 کو لاس اینجلس میں شیڈول گریمی ایوارڈز کی میزبانی ٹریور نوہا کریں گے۔

بیونسے کے گانے بلیک پریڈ، اور البم ‘بلیک از کنگ’ کو نامزد کیا گیا ہے۔ بیونسے کو میگن تھری اسٹالن کے ساتھ گائے گئے گانے سیویج میں بھی شرکت پر نامزدگی ملی ہے۔

ٹیلرسوئفٹ کو کرونا لاک ڈاؤن البم ‘فوک لور’ پر ‘البم آف دی ایئر’ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔

ٹیلر سوئفٹ، برطانوی سنگر دعا لیپا اور ریپرر وڈی رچ کو چھ نامزدگیاں ملی ہیں۔

بہترین پاپ گروپ پرفارمنس میں ‘بی ٹی ایس’ کو ان کے گانے ‘ڈائنامائٹ’ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا کے پاپ گروپ کے لیے یہ نامزدگی بڑا بریک تھرو قرار دی جا رہی ہے۔

‘بہترین نیو آرٹسٹ’ کی کیٹیگری میں میگن دی اسٹالن، ڈوجا کیٹ، آلٹرنیٹو آرٹسٹ فو ایبی بریجرز اور نویا سائرس شامل ہیں جو ملی سائرس کی چھوٹی بہن ہیں۔

گلوکار ویک اینڈ کو ایک بھی نامزدگی نہیں ملی۔ ویک اینڈ کا البم ‘آفٹر آورز’ سال کا سب سے بڑا البم رہا۔ ویک اینڈ کے گانے ‘بلائنڈنگ لائٹس’ اور ‘ہارٹ لیس’ بل بورڈ ہاٹ ہنڈرڈ چارٹ میں ٹاپ پر رہے تھے۔

تین بار گریمی ایوارڈ جیتنے والے ویک اینٖڈ نے منگل کو نامزدگیاں سامنے آنے کے بعد اپنی ٹوئٹ میں ایوارڈز کی شفافیت پر سوال اُٹھا دیا۔

انتظامیہ نے ویک اینڈ کے تحفظات پر کہا کہ ووٹرز کے فیصلے سے متعلق پیش گوئی کرنا مشکل ہوتا ہے۔ تاہم ویک اینڈ کو نامزدگی نہ ملنے اُن کا مایوس ہونا فطری ہے۔

گریمی ایوارڈز میں چار نامزدگیاں حاصل کرنے والے جسٹن بیبر نے بھی گریمی کے فیصلوں پرتنقید کی ہے۔

جسٹن بیبر کو پوپ سولو پرفارمنس، بہترین پوپ گروپ پرفارمنس، بہترین پوپ ووکل البم اور بہترین کنٹری گروپ پرفارمنس کے شعبوں میں نامزد کیا گیا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa