ڈیگو میراڈونا انتقال کر گئے


فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین فٹ بالرز میں شمار کیے جانے والے ڈیگو میراڈونا ساٹھ برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

میراڈونا اس وقت اپنے گھر میں تھے جب انہیں دل کا دورہ پڑا۔ وہ اس دورے سے جانبر نہ ہو سکے۔ وہ دو ہفتے پہلے ہی ہسپتال سے واپس گھر آئے تھے جہاں ان کے دماغ سے خون کا لوتھڑا نکالنے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا۔

میراڈونا نے ارجنٹینا کے 1986 کا ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے بوکا جونئیرز، نپولی اور بارسلونا جیسے فٹ بال کلبز کے لیے کھیلا۔ ان کے کیرئیر کی ایک اہم یاد ان کا ”ہینڈ آف گاڈ“ کے نام سے مشہور گول ہے جس کے سبب انگلینڈ 1986 کے ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا تھا۔ اس کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا دو ایک سے جیتا تھا۔ دونوں گول میراڈونا نے کیے تھے۔ ہینڈ آف گاڈ کے نام سے مشہور گول میں انہوں نے فاؤل کرتے ہوئے ہاتھ کے ذریعے گیند گول میں پھینکی تھی جو ریفری نے نہیں دیکھا۔ دوسرا گول انہوں نے 66 گز تک گیند کو خود لے جا کر اور اس دوران انگلینڈ کے پانچ کھلاڑیوں کو ڈاج دے کیا۔ سنہ 2002 میں فیفا ڈاٹ کام میں ووٹنگ کے ذریعے اس گول کو صدی کا بہترین گول قرار دیا گیا۔

انہوں نے ارجنٹینا کی طرف سے چار ورلڈ کپ کھیلے۔ انہوں نے اپنے ملک کی طرف سے 91 میچ کھیلے اور 34 گول کیے۔ منشیات کے استعمال کی وجہ سے ان کا کیرئیر اتار چڑھاؤ اور مشکلات کا شکار رہا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).