افغانستان کا چمکتا ہوا ستارہ
علم کے متلاشی کتاب کی قدر و قیمت جانتے ہیں۔ جن کے ہتھیار قلم و کتاب ہو وہ کبھی زوال پذیر نہیں ہوں گے۔
مشہور فرانسیسی مفکر والٹیر نے کہا تھا، ”تاریخ میں چند غیر مہذب وحشی قوموں کو چھوڑ کر کتابوں ہی نے لوگوں پر حکومت کی ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ جس قوم کی قیادت اپنے عوام کو کتابیں پڑھنا اور ان سے محبت کرنا سکھا دیتی ہے وہ دوسروں سے آگے نکل جاتی ہے“ ۔
افغانستان کے صدارتی محل ”ارگ“ میں کام کرنے والا یہ ہونہار جوان میر احمد یاد کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ افغانستان کا وہ چمکتا دمکتا ستارہ ہے جس نے تقریباً پچاس سے زائد کتابوں کو پشتو زبان میں ترجمہ کیا ہوا ہے۔
ایک ایسا دور جہاں وحشت عروج پر ہے قتل و غارت گری عام ہیں انسان کی ویلیو روز بروز ڈی ویلیو ہوتی جا رہی ہے، معاشرہ اخلاقی پستی کا شکار ہے، معاشرہ ظلم بربریت، منافقت اور دھوکے کے لپیٹ میں ہے۔ ایسے دور میں میر احمد یاد تنہائی میں بیٹھ کر اپنے لیپ ٹاپ کے ذریعے کتابوں کو ٹرانسلیٹ کرتا ہے۔ کہتے ہیں کہ محنت اتنی خاموشی سے کیا کرو کہ تمہاری کامیابی شور مچائیں۔ پچھلے کئی سالوں سے میر احمد یاد خاموشی سے محنت کر رہا تھا اور آج ہر لب پہ میر احمد یاد کا نام ہے۔
کچھ عرصہ پہلے میں نے میر احمد یاد کو چند کتابیں تجویز کی کہ اگر ہو سکے تو ان کتابوں سے جنگ زدہ افغانوں کو روشناس کرائیں۔ میر احمد یاد نے جواب دیا کہ یہ کتابیں تو میں کب کا ٹرانسلیٹ کرچکا ہوں۔
افغانستان کے اذہان بہت تیزی سے بدلتے جا رہے ہیں۔ کتابوں کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ پچھلے دنوں ایک دوست (جو ماضی میں طالبان کے حامی تھا) کے ہاتھ میں جمہوریت پر لکھی گئی کتاب دیکھ کر یقین ہوا کہ اب افغانستان کا تقدیر بدلنے والا ہے اب مزید افغانوں کو جہاد کے نام پر نہیں ورغلایا جاسکتا۔


