انیل کپور کے فلم انڈسٹری میں 40 سال مکمل: ’کوئی ہدایتکار اچھا کام کر رہا ہوتا تو میں جا کر اس سے بغیر شرمائے کام مانگ لیتا‘


انیل کپور
بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے انڈسٹری میں اپنی چار دہائیاں مکمل کر لی ہیں۔

اپنے چار دہائیوں کے فلمی سفر میں 63 برس کے انیل کپور سکرین پر ہر طرح کے کردار ادا کرچکے ہیں۔ چاہے کسی بھی طرح کا کردار ہو انیل کپور نے اپنی اداکاری سے سکرین پر ان کرداروں میں جان ڈالی ہے۔ چاہے فلم ‘وہ سات دن’ کے پریم پرتاپ سنگھ ہوں، ‘رام لکھن’ کے لکھن ہوں، یا ‘نائیک’ کے شیواجی راؤ یا پھر ‘ویلکم’ کے مجنوں ایسے ہی کردار ہیں جو نہ صرف کامیاب ہیں بلکہ آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔

ان کرداروں میں ایسے بہت سارے کردار ہیں جو انیل کپور نے مانگ کر لیے تھے۔ وہ کردار جو پہلے کوئی اور سپر سٹار کرنے جا رہا تھا لیکن جب ان کی بات نہیں بنی تو انیل کپور نے خود ہی مانگ کر ان کرداروں کو نبھایا۔

یہ بھی پڑھیے

راج کپور کی وہ روسی ہیروئن اب کہاں ہے؟

’میں اپنے آپ سے کہتا ہوں لگے رہو انیل کپور لگے رہو‘

مغل اعظم میں پرتھوی راج نے کتنے پیسے لیے تھے؟

مجھے کام مانگنے میں کوئی شرم نہیں

نوے کی دہائی میں لگاتار 13 کامیاب فلمیں دینے والے سدا بہار اداکار انیل کپور نے بی بی سی ہندی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ‘میرے لیے کامیابی کا مطلب ہمیشہ سے یہ رہا ہے کہ اب مجھے اس فلم کے بعد دوسری فلم مل گئی ہے اور اس فلم کی کامیابی نے مجھے ایک اور کام دلوا دیا۔

’فلم چلے یا نہ چلے اس بارے میں اتنا نہیں سوچتا تھا بلکہ میں اگلے ہی دن اپنی دوسری فلم کی شوٹنگ کے لیے پہنچ جایا کرتا تھا اور جب لوگ مجھے آ کر کہتے تھے کہ آپ کی فلم نہیں چلی تو میں کہا کرتا تھا یہ دیکھو میں نے کتنا اچھا سین کیا ہے یہ فلم ضرور چلے گی۔ دیکھنا سپر ہٹ ہوگی۔‘

انیل کپور اپنی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں ‘مجھے یاد نہیں کہ میں نے 13 ہٹ فلمیں دی تھیں۔

’مجھے صرف اتنا یاد ہے کہ 1977 میں پہلی بار میں نے کیمرے کا سامنا کیا تھا۔ میری پہلی فلم ایک تیلگو فلم تھی اور اس کے بعد اب دیکھتے ہی دیکھتے 40 سال ہوچکے ہیں اور ان 40 سالوں میں جب بھی مجھے معلوم ہوتا ہے کہ کوئی ہدایتکار اچھا کام کر رہا ہے تو میں جا کر اس سے ملتا اور کام مانگتا، مجھے کام مانگنے میں شرم نہیں آتی۔‘

کرن جوہر کو جب یہ کردار دیا گیا تو مجھے برا لگا تھا

انوراگ کشیپ کا ذکر کرتے ہوئے انیل کپور کا کہنا ہے کہ جب مجھے معلوم ہوا کہ انوراگ بمبئی ویلویٹ بنا رہے ہیں تو میں نے انوراگ سے بات کرنے کی کوشش کی تاکہ مجھے وہ فلم مل سکے۔ مجھے ایک گینگسٹر کا کردار کرنا تھا لیکن اس نے وہ کرن جوہر کو دے دیا تھا۔

مجھے برا لگا۔ لیکن ٹھیک ہے۔ میں نے کہا میرا وقت بھی آئے گا، جب میں ان کے ساتھ کام کروں گا۔

2003 میں انوراگ ایک فلم بنانا چاہتے تھے جس کا نام ‘ایلون کالی چرن’ تھا جو کبھی بن ہی نہیں پائی۔ انیل کا کہنا تھا ہر کوئی ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ اگر آپ کی نیت صاف ہے تو آپ کو منزل مل ہی جاتی ہے۔

’آج میں انوراگ کے ساتھ فلم ‘اے کے ورسس اے کے’ میں کام کر رہا ہوں۔ اب مجھے انتظار ہے جب انوراگ میری ایک فلم کو بھی ڈائریکٹ کریں۔‘

راج کپور ہمارے گھر کھانے پر آئے تو میں نے انھیں پکڑ لیا

بمبئی ویلیوٹ پہلی فلم نہیں ہے جب انیل کپور کسی ہدایتکار کے پاس کام مانگنے کے لیے گئے تھے، بلکہ وہ اس سے پہلے بھی ایسا کر چکے تھے۔

انیل کپور کہتے ہیں کہ وشوناتھ فلم ‘ایشور’ بنا رہے تھے جب وہ ان سے ممبئی کے ایک ہوٹل میں ملے تو انھوں نے انھیں پکڑ لیا۔

انھوں نے بتایا کہ وہ کمل ہاسن کے ساتھ ایک فلم بنا رہے ہیں اور اس فلم کو راج کپور بنائیں گے۔ انہی دنوں راج کپور ایک دن کھانے پر ہمارے گھر آئے میں نے انھیں وہاں پکڑ لیا۔

انھوں نے مجھ سے کہا کہ وہ کمل کے ساتھ فلم بنا رہے ہیں اور اگر وہ نہیں کرتے ہیں تو میں یہ فلم کر سکتا ہوں، اور جب کمل نے وہ فلم نہیں کی تھی تو میں نے ہدایتکار سے بات کی تھی اور تب وہ فلم میں نے کی۔‘

ہدایتکار ‘نائیک’ میں عامر یا شاہ رخ کو ہیرو لینا چاہتے تھے

انیل کپور نے مشہور فلم نائیک کا ذکر کرتے ہوئے کہا ‘میں نے فلم ‘نائیک’ بھی مانگ کر کی تھی۔ اس فلم میں ہدایتکار اور پروڈیوسر ہیرو کے طور پر عامر خان یا شاہ رخ خان میں سے کسی ایک کو لینا چاہتے تھے اور جب وہ فلم نہیں کر پائے تو میں نے یہ فلم کی۔

اس کے علاوہ فلم ‘سلم ڈاگ ملینیئر‘ میں ہدایتکار ڈینی بوئل کسی اور کو لینا چاہتے تھے لیکن پھر مجھے یہ فلم مل گئی۔ نیٹ فلکس کی آنے والی فلم ‘اے کے ورسس اے کے’ میں مجھے یہ بھی سننے میں آیا کہ ہدایتکار پہلے کسی اور کو لینا چاہتا تھے لیکن یہ فلم پھر میرے حصے میں آ گئی۔‘

مسٹر انڈیا اور لمحے فلم کے لیے پہلی پسندامیتابھ بچن تھے

ان فلموں کے علاوہ انیل کپور کی فلموں میں کچھ اور بھی بڑی اور ہٹ فلمیں بھی ہیں جنھیں آج ان کے نام سے جانا جاتا ہے لیکن پہلے یہ فلم کسی اور کو مل رہی تھی۔ اسی فلم میں مسٹر انڈیا کا نام بھی شامل ہے۔

اس فلم میں انیل کپور کے کردار کو خوب سراہا گیا تھا لیکن امیتابھ بچن اس فلم کے لیے فلسماز شیکھر کپور کی پہلی پسند تھے۔ تاہم بعد میں اس فلم میں انیل کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

شیکھر سمن نے ٹی وی پروگرام ‘شو لائٹ کیمرا اینڈ قصے’ میں انیل کپور کے متعلق ایک دلچسپ کہانی سنائی تھی۔ انھوں نے بتایا تھا کہ فلم ‘لمحے’ کے لیے یش جی کی پہلی پسند امیتابھ بچن اور ریکھا تھے لیکن اس کے بعد انھیں لگا کہ امیتابھ کہانی کے معاملے میں زیادہ عمر کے دکھیں گے۔ لہٰذا وہ امیتابھ کے بجائے ایک نیا چہرہ تلاش کرنے لگے۔

فلم کے مصنف ہنی ایرانی نے یش چوپڑا کو تصاویر سے بھرا ایک لفافہ دیا جس پر لکھا تھا، ‘ایک نیو کمر جو آپ کی فلم کرنا چاہتا ہے‘۔ یش ان تصویروں کو دیکھ کر چونک گئے تھے کیونکہ وہ تصاویر انیل کپور کی تھیں جو انھوں نے خود بھجوائی تھیں اس وقت انیل کپور ایک بڑا نام بن چکے تھے۔

یش چوپڑا کے لیے اپنی مونچھیں صاف کرنے کے لیے تیار تھے

اس شو میں تفصیل سے اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے شیکھر سمن نے مزید بتایا کہ انیل کی تصاویر دیکھنے کے بعد یش چوپڑا نے انھیں ملنے کے لیے بلایا۔

انیل نے یش کو بتایا کہ وہ ہر قیمت پر ان کی فلم کرنا چاہتے ہیں۔ یش نے بہت کچھ سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ فلم کے کردار کے مطابق عمر میں بڑے دکھائی دیں گے لیکن انیل ان کی بات ماننے کو تیار نہیں تھے۔

انیل بار بار انھیں بتا رہے تھے کہ وہ اس کردار کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔ پھر اچانک یش چوپڑا نے پوچھا کہ کیا وہ اپنی مونچھیں صاف کر سکتے ہیں؟

بہت سوچنے کے بعد انیل اپنی مونچھیں صاف کرنے پر راضی ہوگئے۔

یش نے دوسرے دن انھیں فوٹو شوٹ کے لیے بلایا اور بغیر مونچھ کے انیل اور اداکارہ سری دیوی کی جوڑی یش چوپڑا کو بہت پسند آئی اور پھر وہ فلم ‘لمحے’ کا ہیرو بننے میں کامیاب ہوگئے۔

24 دسمبر کو جس دن انیل کپور کی سالگرہ ہے اس دن نیٹ فلیکس پر ان کی فلم ‘اے کے ورسز اے کے’ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم میں انیل کپور خود اپنا کردار ادا کررہے ہیں یعنی انیل کپور ہی انیل کپور کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ انوراگ کشیپ بھی نظر آئیں گے۔

اس فلم کی ڈائریکشن وکرمادتیہ موہن موٹوانی نے کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32510 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp