جنید جمشید کا سفر آخرت؛ نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل


\"\"

کراچی:  طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے معروف نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید کی نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور کچھ دیر بعد ان کی نماز جنازہ معین خان اکیڈمی سے متصل گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے معروف نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید کی نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ بعد نماز ظہر ان کی نماز جنازہ معین خان اکیڈمی سے متصل گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی اور ان کی تدفین دارالعلوم کراچی میں ہوگی، اس موقع پر گراؤنڈ کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جہاں پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات ہے جب کہ گراؤنڈ کو بم ڈسپوزل اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے سرچ بھی کیا گیا ہے۔

نماز جنازہ سے پہلے معروف عالمِ دین مولانا طارق جمیل کا بیان بھی متوقع ہے، دوسری جانب جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید کا کہنا ہے مولانا طارق جمیل کا اصرار ہے کہ وہ نماز جنازہ پڑھائیں لیکن ابھی تک اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

گزشتہ روز جنید جمشید سمیت طیارہ حادثے میں جاں بحق دیگر افراد کی نور خان ایئربیس پر نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد جنید جمشید کی میت سی ون 30 طیارے کے ذریعے فیصل بیس کراچی پہنچائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل چترال سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز ایبٹ آباد میں حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگئی جس سے معروف نعت خواں جنید جمشید، ان کی اہلیہ، ڈپٹی کمشنر چترال، ان کی اہلیہ، بیٹی اور3 غیرملکیوں سمیت 47 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments