ہاتھی کے بیہوش بچےکو اس کی آوازیں دیتی ماں کے سامنے کیسے بچایا گیا


ہاتھی
تھائی لینڈ میں ایک ننھے ہاتھی کو موٹر سائیکل سے ٹکرا کر بیہوش ہو گیا تھا ایک ریسکیو اہلکار کی مدد سے ہوش میں لایا گیا۔

مانا سریویٹ نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ انھوں نے اپنے کیریر میں درجنوں جانوروں اور انسانوں کو بے ہوشی کی حالت سے واپس لانے میں مدد کی ہے تاہم ایسا پہلی بار ہوا کہ انھیں کسی ہاتھی کی مدد کرنا پڑی۔

ایک اندھیری سڑک کے کنارے گرے ہوئے ہاتھی کو ہوش میں لانے کی کوشش کرتے ہوئے ان کی ویڈیو آن لائن وائرل بھی ہوئی۔ اس وڈیو میں وہ اپنے دونوں ہاتھوں سے ہاتھی کو ہوش میں لانے کے لیے اس کے ساتھ دل کی دھڑکن اور سانس کی بحالی کے لیے ہنگامی طبّی امداد کا طے شدہ طریقہ کار استعمال کر رہے تھے۔

دس منٹ کے بعد ہاتھی اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔

یہ ہاتھی کا بچہ اپنے گروہ کے ساتھ سڑک کراس کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ واقعہ مشرقی تھائی لینڈ کے صوبے چانتھا بوری میں پیش آیا۔

مزید پڑھیے

پشاور کے چڑیا گھر میں جانور کیوں مر رہے ہیں؟

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مانا کے ساتھی ریسکیو اہلکار اس موٹر سائیکل والے شخص کو طبّی امداد دے رہے ہیں جن کی موٹرسائیکل سے ہاتھی کا بچہ ٹکرایا تھا۔

موٹر سائیکل سوار بھی زخمی ہوا لیکن ان کی حالت تسلی بخش ہے۔

ریسکیو اہلکار مانا نے جن کی عمر 26 برس ہے روئٹرز کو بتایا کہ یہ حادثہ اتوار کی رات گئے پیش آیا اور اس وقت وہ ڈیوٹی پر نہیں تھے اور وہاں سے گزر رہے تھے۔

انھوں نے فون پر گفتگو میں خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جان بچانا میری فطرت میں شامل ہے لیکن ہاتھی کو طبّی امداد دیتے ہوئے تمام وقت میں پریشان بھی تھا کیونکہ میں اس کی ماں اور ہاتھیوں کے پورے گروہ کی جانب سے اس ننھے ہاتھی کو بلائے جانے کی صدائیں سن رہا تھا۔

وہ کہتے ہیں کہ ہاتھی کا دل کہاں ہو سکتا ہے یہ میں نے آن لائن دیکھی ہوئی ویڈیو کی بنیاد پر اندازہ لگانے کی کوشش کی۔

وہ کہتے ہیں کہ جب بے سدھ پڑے اس ننھے ہاتھی نے ہلنا شروع کیا تو میں تقریباً رو دیا۔

مانا سریویٹ نے بتایا کہ جب ہاتھی کے بچے کو ہوش آ گیا تو اس امید کے ساتھ کہ حادثے کی جگہ واپس جا کر وہ اپنی ماں سے ملوا دیا جائے اسے مزید طبّی امداد کے لیے سڑک کے دوسری جانب لے جایا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ وہ زیادہ چوٹوں سے بھی بچ گیا تھا۔

وہ کہتے ہیں کہ باقی ہاتھی لوٹ گئے جب ماں نے اپنے بچے کی آواز سنی۔

مانا سریویٹ کی زندگی میں یہ پہلا موقع تھا جب انھوں نے کسی ہاتھی کو سی پی آر یعنی دل کی دھڑکن اور سانس کی بحالی میں مدد دی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32568 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp