سلمان اور کترینہ کی فلم ‘ٹائیگر تھری’ کی شوٹنگ مارچ میں ہو گی


بالی وڈ فن کار سلمان خان اور کترینہ کیف 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘بھارت’ کے بعد اب ایک مرتبہ پھر ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔ ان کی نئی فلم ‘ٹائیگر تھری’ کی شوٹنگ اگلے سال مارچ میں شروع ہونے جا رہی ہے۔

جیسے جیسے شوٹنگ کی تاریخیں قریب آرہی ہیں سلمان خان نے پہلے سے جاری فلموں سے متعلق کام تیزی سے نمٹانا شروع کر دیا ہے۔ کترینہ کیف نے حال ہی میں فلم ‘فون بھوت’ کی شوٹنگ شروع کی ہے جس میں سدھانت چترویدی اور ایشان کٹر بھی ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی موجودہ فلموں کی شوٹنگ مکمل ہوتے ہی ‘ٹائیگر تھری’ کے فلم ساز مارچ میں پہلے ممبئی میں اور اس کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں شوٹنگ شروع کر دیں گے۔

فلم کی شوٹنگ کرونا وائرس کی وبا کو مدِنظر رکھ کر کی جائے گی اس لیے یہ مشرقِ وسطیٰ کے کسی ایک ملک میں نہیں بلکہ کئی ممالک میں شوٹ ہو گی۔

‘ٹائیگر تھری’ سے پہلے اسی طرز کی دو فلمیں بن چکی ہیں، نئی فلم اس کا تیسرا سیکوئل ہو گا تاہم اس فلم کا بجٹ مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

فلم میں ولن کا رول ادا کرنے والے فن کار کا ابھی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ یش راج فلمز ولن کے طور پر کسی نئے چہرے کو متعارف کرانا چاہتی ہے۔

یش راج فلمز نے ہی فلم ‘ٹائیگر زندہ ہے’ میں بطور نیا ولن سجاد دلفروز کو متعارف کرایا تھا۔

فلم ‘ٹائیگر تھری’ یش راج فلمز کے بینر تلے بن رہی ہے جس کے ہدایت کار منیش شرما ہوں گے۔

پہلی فلم ‘ایک تھا ٹائیگر’ کے نام سے اور دوسری فلم کا نام ‘ٹائیگر زندہ ہے’ تھا۔ لہذاٰ خبریں گرم ہیں کہ اس بار بھی فلم کا نام عین وقت پر تبدیل ہو سکتا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa