سان فرانسسکو میں ڈبل روٹی سے بنا سات فٹ کا ٹاور


کئی لوگوں نے ڈبل روٹی سے بنے ٹاور کو نہ صرف تعجب سے دیکھا بلکہ اس کے ساتھ اپنی تصویریں اور سلفیاں بھی بنائیں۔ 25 دسمبر 2020

امریکی شہر سان فرانسسکو میں کرسمس کے موقع پر ایک قریبی تفریحی پہاڑی پر ڈبل روٹی سے بنا ہوا ایک ٹاور ظاہر ہوا جو اگلے ہی روز ٹوٹ کر گر گیا۔ سات فٹ بلند اس ٹاور کو لوگوں نے دلچسپی سے دیکھا اور اس کے ساتھ اپنی تصویریں اور سلفیاں بنائیں۔

یہ ٹاور ڈبل روٹی کی ایک خاص قسم سے، جسے ادرک سے بنایا جاتا ہے اور جنجر بریڈ کہا جاتا، بنایا گیا تھا اور ڈبل روٹیوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے کریم کی آئیسنگ استعمال کی گئی تھی۔ اور اسے میھٹی گولیوں سے آراستہ کیا گیا تھا۔

ڈبل روٹی کا سات فٹ اونچا ٹاور سہ کونا تھا۔ کرسمس کے لوگ جب تفریح کی غرض سے پہاڑی پر آئے تو وہ اس ٹاور کو دیکھ کر بہت حیران ہوئے۔ پھر انہوں نے اس منفرد مینار کے ساتھ اپنی تصویریں بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

سان فرانسسکو کے آئند شرما، صبح کی سیر کے لیے اس پہاڑی پر آتے ہیں۔ انہوں نے ایک مقامی ایف ایم چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں جب صبح کرونا ہائٹس پارک پہنچا تو وہاں ایک تکونی ٹاور کو کھڑے ہوئے پایا جس میں جنجر بریڈ کی خوشبو آ رہی تھی۔ جب قریب پہنچا تو وہ واقعی جنجر بریڈ سے ہی بنا ہوا تھا۔

جنجر بریڈ سے بنا تکونی ٹاور
جنجر بریڈ سے بنا تکونی ٹاور

ان کے مطابق ’’اسے دیکھ کر میں مسکرانے لگا۔ میں نے سوچا کہ اسے یہاں کس نے کھڑا کیا ہو گا۔‘‘

ڈبل روٹی سے بنے ہوئے اس تکونی ٹاور کو دیکھنے کے لیے لوگ سارا دن پہاڑی پر آتے رہے۔ شام کے وقت وہاں بارش ہونے لگی اور ٹاور کی ڈبل روٹیاں بھیگنا شروع ہو گئیں۔

تاہم دن بھر اس پہاڑی پر آنے والوں نے اس ٹاور کا خوب لطف اٹھایا، اس کے ساتھ نہ صرف اپنی تصویریں بنائیں بلکہ کئی ایک نے تو آنکھ بچا کر اس کا ذائقہ بھی چکھا۔ کسی شخص نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ڈالی ہے جس میں ایک شخص کو ٹاور سے کچھ لقمے توڑ کر کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

شہر کے پارکس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ فل گنزبرگ نے مقامی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جگہ بیکنگ کے لیے بہت عمدہ ہے۔ ان کے بقول اس تکونی ٹاور کو وہ یہاں سے اس وقت تک نہیں ہٹائیں گے جب تک یہ خود ہی نہ گر جائے۔

ہفتے کی صبح یہ ٹاور خود ہی گر گیا۔

تقریباً ایک مہینہ قبل یوٹا کے سرخ چٹانی ریگستان میں دھات سے بنا ہوا ایک ایسا ہی ٹاور نمودار ہوا تھا، جو جلد ہی وہاں سے غائب ہو گیا۔ جس کے بعد دنیا بھر میں یہ افوائیں پھیلنی شروع ہو گئیں کہ اسے خلائی مخلوق نے نصب کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یوٹا کا ٹاور بالکل اسی طرز کا تھا جس طرح کا ایک ٹاور ایک سائنس فکشن فلم ‘2001: اے سپیس آڈیسی’ کسی خلائی مخلوق نے نصب کیا تھا۔

مگر یہ سلسلہ یوٹا کے سرخ چٹانی ریگزار تک ہی محدود نہیں رہا، بلکہ اس کے بعد رومانیہ اور کیلی فورنیا میں بھی اس جیسے ظاہر اور غائب ہوتے رہے ہیں۔

لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اسی شکل کا مزیدار جنجر بریڈ سے تیار کردہ ایک ٹاور سان فرانسسکو کی ایک پہاڑی پر نمودار ہوا ہے۔ جس کے ساتھ کچھ لوگوں نے تصویریں اتار کر اور کچھ نے اسے چکھ کر اور لقمے لے کر لطف اٹھایا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa