آپ خود تو پاپا جونز کے پیزے کھائیں اور ہمیں چائے پانی پر ٹرخائیں، یہ تو زیادتی ہے: مولانا فضل الرحمان


مولانا فضل الرحمان، جے یو آئی، آزادی مارچ

پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان کی پیر کو ہونے والی پریس کانفرنس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے راولپنڈی آنے کے پلان پر ڈی جی آئی ایس پی آر سے جب سوال پوچھا گیا کہ وہ کہتے ہیں کہ جی ایچ کیو کے سامنے دھرنا دیں گے تو انھوں نے جواب دیا کہ وہ آئیں ہم چائے پانی پلائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ خود تو پاپا جونز کے پیزے کھائیں اور ہمیں چائے پانی پر ٹرخائیں، یہ تو پھر زیادتی ہے، یہ مہمانداری پھر نھیں ہے۔‘

مولانا فضل الرحمان پیر کی شام ملاکنڈ کے مقام بٹ خیلہ میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کہا گیا کہ نیب کے سامنے مولانا فضل الرحمان کو سرنڈر کرنا ہو گا، میں نے کہا سرنڈر ہونا مولانا فضل الرحمان کا کام نہیں وہ جنرل نیازی کا کام ہے۔‘

آنے والے وقتوں میں آئین کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، صوبوں کے عوام کے حقوق کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں اور اس قوم کی ملکیت کے خلاف، اس پر قبضہ کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم ان سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔

ان کے مطابق فوج ملک کے لیے ناگزیر ہوتی ہے۔ ’ہزار اختلاف کے باوجود اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔‘

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فوج کو وضاحت دینی ہو گی کہ وہ غیر جانبدار ہیں کہ عمران خان کے ساتھ فریق ہیں۔ اگر وہ فریق ہیں تو پھر ہماری مجبوری ہو گی کہ جی ایچ کیو کے دروازے پر احتجاج کریں۔

ان کے مطابق جنرل ضیاالحق اور جنرل مشرف کی طرح کا مارشل لا ہے۔ ان کے مطابق ہم وہ لوگ ہیں جنھوں نے پوری زندگی آمریت کے خلاف جنگ لڑی ہے۔

bilawal bhutto
عوام سے مل کر ان کٹھ پتلیوں کو بھگائیں گے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے ملاکنڈ جلسے سے خطاب میں کہا کہ ملک پر نااہل اور ناجائز وزیر اعظم اور ناجائز حکمران مسلط ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام سے مل کر ان کٹھ پتلیوں کو بھگائیں گے، ان کا خاتمہ کریں گے، یہاں عوامی راج قائم کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ کسی آمر کے آگے سر جھکایا ہے اور نہ ہی کسی کٹھ پتلی کے آگے سر جھکائیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تبدیلی والے جھوٹ بولتے ہیں۔ انھوں نے وعدے پورے نہیں کیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp