حیدر آباد کی مسجد میں خواتین کے لئے جم شروع کر دیا گیا


بھارت کی ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد کی ایک مسجد میں خواتین کے لئے جم کھولا گیا ہے۔ ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جھگیوں میں رہنے والی خواتین کو صحت سے متعلق پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے بعد یہ اقدام کیا گیا ہے۔

حیدرآباد کی مسجد وادی مصطفیٰ میں خواتین کیلئے شروع کئے گئے جم میں یہاں پروفیشنل ٹرینرز خواتین کو ورزش کراتی ہیں۔ تلنگانہ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو رہا ہے۔ راجندر نگر میں واقع وادی مصطفی مسجد میں قائم جم کا مقصد خواتین کی صحتمند زندگی کو یقینی بنانا ہے۔

انگریزی اخبار ٹائمس آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جھگیوں میں رہنے والی 25 فیصد خواتین کئی خطرناک بیماریوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ اس سروے میں 25 سے 55 سال کی خواتین کی صحت سے متعلق ہائپر ٹینشن، ذیابیطس اور تھائی رائڈ جیسی بیماریوں کی نشان دہی کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ایک این جی او کی مدد سے تیار کئے گئے جم میں پروفیشنل ٹرینرز خواتین کو دن میں دو مرتبہ ورزش کراتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ٹرینرز خواتین کی صحت سے متعلق مسائل بھی حل کرتی ہیں۔ مسجد کمیٹی نے بتایا کہ خواتین کو صحتمند رہنے کیلئے ڈائٹ پلان بھی بتایا جاتا ہے۔

ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کے مینجنگ ٹرسٹی مجتبی حسن اصغری نے کہا کہ مسجد کلینک اور جم میں این سی ڈی پروگرام کے تحت گردے اور آنکھ کی بیماریوں کی اسکریننگ بھی کی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).