کراچی ٹیسٹ: اظہر علی اور فواد عالم نے بغیر آؤٹ ہوئے 71 رنز جوڑ لئے


پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کراچی ٹیسٹ میں دوسرے دن کے کھیل کا پہلا سیشن پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا، پہلے دن کے 4 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد اظہر علی اور فواد عالم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری ہے۔ جنوبی افریقا کے پہلی اننگز میں 220 رنز کے جواب میں پاکستان نے گزشتہ روز پہلی اننگ کا آغاز کیا۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر 33 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو اظہر علی اور فواد عالم 5، 5 کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود تھے اور پاکستان کو اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے 187 درکار تھے۔ اظہر علی اور فواد عالم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے دن کے کھیل کا محتاط انداز میں آغاز کیا ہے۔ دونوں کھلاڑی لنچ پر کریز پر موجود تھے اور اسکور کارڈ پر 104 رنز بن چکے تھے۔ فواد عالم 39 اور اظہر علی 38 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز جنوبی افریقا پہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن مہمان ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 220 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

220  رنز کے جواب میں صرف 33 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ عابد علی 4، عمران بٹ 9، بابر اعظم 7 اور نائٹ واچ مین شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).