آسکر اور ایمی ایوارڈ یافتہ کلورس لیچمن کا 94 برس کی عمر میں انتقال


آسکر ایوارڈ اور دو بار ایمی ایوارڈ اپنے نام کرنے والی نامور امریکی اداکارہ کلورس لیچمن کا 94 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔

کلورس لیچمن کی تشہیر کی معاون مونیک موس کے مطابق اداکارہ کا انتقال کیلی فورنیا میں ان کے گھر میں طبعی طور پر ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس وقت کلورس لیچمن کا انتقال ہوا اُس وقت ان کی بیٹی دانیہ انگلنڈ ان کے ہمراہ موجود تھیں۔

کلورس لیچمن کو 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دی لاسٹ پیکچر شو’ میں تنہا بیوہ کے کردار میں شاندار اداکاری پر آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔

آنجہانی اداکارہ کو ڈراؤنی مزاحیہ فلم ‘ینگ فرنکنسٹائن’ میں فاؤ بلوکر اور ‘دی میری ٹیلر مورے شو’ میں فیلس کے کردار سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز ٹی وی سے کیا تھا اور ٹی وی سیریز ‘لیسی’ میں ماں کے کردار میں سامنے آئی تھیں۔

‘بچ کیسیڈی اینڈ دی سن ڈانس کیڈ’ میں ایجنس، ‘کریزی فیملی’ میں کردار سے ان کی شہرت میں اضافہ ہوا۔

سال 1989 میں ‘گرینڈ ما موسز’ میں انہوں نے گرینڈ ما کے 45 سال سے 101 سال کی عمر تک کے کردار کو نبھایا۔

نوے کی دہائی میں تین سال تک وہ موسیقی کے پروگرام ‘شو بوٹ’ میں کئی شہروں کا دورہ کرنے والی اداکارہ تھیں۔

بعد ازاں 1993 میں انہوں نے ‘بیورلی ہیل بیلیز’ میں کیلم پٹ کا کردار ادا کیا۔ یہ فلم 70 کی دہائی کی ایک سیریز سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھی۔

وہ کبھی کبھار سٹ کام ‘میلکم ان دی مڈل’ میں بھی ایڈا کا کردار کرتی نظر آتی تھیں۔ انہوں نے اس کردار کی ادائیگی پر 2002 اور 2006 میں دو بار ایمی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔ اس کے علاوہ وہ ‘ڈانسنگ ود دی اسٹارز’ کا بھی حصہ رہیں۔

کلورس نے 1973 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا “بنیادی طور پر میں یہ نہیں سوچتی کہ میں کیسی نظر آؤں گی، خوبصورت یا بد صورت۔ میں یہ نہیں سوچتی کی خوبصورتی کیا ہوتی ہے۔ کسی بھی دن ہم میں سے کوئی بد صورت نظر آ سکتا ہے یا خوبصورت ہو سکتا ہے۔”

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa