واٹس ایپ اور فیس بک پر کاروبار کیسے شروع کریں؟


کاروبار کرنے کا سادہ سے اصول یہی ہوتا ہے کوئی بھی چیز خود بنا کر یا کہیں سے لے کر، پھر اس میں اپنا منافع شامل کر کے دوسروں کو فروخت کرنا ہے۔ اگر آپ اس بنیادی عمل کو ذہن میں رکھ کر کوئی بھی کاروبار شروع کریں گے تو آسانی سے شروعات کر سکتے ہیں ورنہ بڑے بڑے بزنس پلان بنانے میں الجھ کر رہ جائیں گے۔

آج کل انٹرنیٹ کی وجہ سے جتنے آسان اور سستے وسائل میسر ہیں ، ان کے ہوتے ہوئے کوئی بھی کاروبار شروع کرنا اور کامیابی سے آگے بڑھتے جانا کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔ صرف آپ کے اندر کاروبار کرنے کا سچا جذبہ ہونا چاہیے۔ جو آپ کو کاروبار کرنے کے نت نئے انداز اپنانے اور سیکھنے پر اکساتا رہے۔ اسی حوالے سے میں آپ کو آج واٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعے کاروبار کرنے کے بارے ترتیب وار مختصر آگاہی دوں گا۔

1۔ سب سے پہلے اپنے موجودہ سرمایہ اور پسند کے مطابق کاروبار کا انتخاب کریں کہ کون سا کاروبار شروع کرنے کا آپ کا دل کرتا ہے۔ یاد رہے کہ آپ نے صرف اپنی پسند ہی نہیں دیکھنی بلکہ مارکیٹ ٹرینڈ بھی دیکھنا ہے کہ لوگ کیا، کیسے اور کیوں خریدنا چاہتے ہیں۔

2۔ اس کے بعد کاروبار کے مطابق اس کا کوئی نام رکھیں اور اسٹاک کے بارے سوچیں کہ کہاں سے لینا ہے؟ ہول سیلر سے، ڈائریکٹ فیکٹری سے یا خود تیار کرنا ہے۔ اگر فی الحال مال خریدنے کے لئے سرمایہ نہیں ہے تو آپ ڈراپ شپنگ بزنس ماڈل کو استعمال کریں۔ جس کے لئے آپ میرا یہ آرٹیکل پڑھ سکتے ہیں۔

3۔ اپنی تمام پروڈکٹ کی اچھی سا تصویریں اور مختصر ویڈیوز بنائیں۔ ساتھ ہی ان سب کی مختصر تفصیل بھی لکھ کر رکھیں۔

4۔ اب فیس بک پر آن لائن شاپ کا پیج بنائیں اور باری باری تمام پروڈکٹس کو پوسٹ کی صورت اس میں شامل کرتے جائیں۔ یاد رہے کہ ایک ہی دن تمام شامل نہ کریں بلکہ ایک دو دن کا وقفہ رکھیں۔ اس پوسٹ کی مارکیٹنگ کے لئے مختلف کاروباری فیس بک گروپ جوائن کریں یا فیس بک ”پوسٹ بوسٹ“ کی آپشن کو استعمال کریں۔

5۔ اسی فیس بک پیج پر شاپ بنانے کی آپشن بھی ہوتی ہے جس میں آپ تمام آئٹمز کو لگا سکتے ہیں۔ اس کو آپ ایک ہی بار سیٹ کر سکتے۔ جب بھی لوگ آپ کے فیس بک پیج کا وزٹ کریں گے تو سٹارٹ میں ہی شاپ نظر آ جائے گی جس سے آسانی رہتی ہے۔ اس میں قیمت، تفصیل اور سیل پرائس کے ساتھ پروڈکٹ اچھی طرح نظر آتی ہے۔

6۔ اپنے موبائل کے پلے اسٹور سے ”واٹس ایپ بزنس“ کو ڈاؤن لوڈ کریں۔ اس کی سیٹنگ میں جا کر اپنے کاروبار کا نام، لوگو، تفصیل، ایڈریس وغیرہ سیٹ کریں۔ اس میں بھی فیس بک کی طرح شاپ کی آپشن موجود ہے۔ اس کو بھی لازمی بنا کر مکمل کریں۔

7۔ فیس بک پیج اور واٹس ایپ پر اپنے کاروبار کی ایک جیسی تفصیل رکھیں یہ نہیں کہ فیس بک پر نام اور لوگو کوئی اور ہے جبکہ واٹس ایپ پر کوئی اور۔ واٹس ایپ کی ہر پوسٹ پر فیس بک پیج اور فیس بک پیج کی ہر پوسٹ میں واٹس ایپ نمبر ضرور بتائیں۔

8۔ تمام جاننے والوں اور نئے کلائنٹس کے نمبر کو فون پر محفوظ کریں۔ پھر واٹس ایپ سٹیٹس پر اپنی پروڈکٹ کو لگائیں گے تو وہ تمام لوگ بھی دیکھ سکیں گے۔ مزید آپ واٹس ایپ پر گروپ بھی بنا سکتے مگر یاد رہے کسی کی مرضی پوچھے بغیر اس کو گروپ میں خود سے ایڈ مت کریں کہ ایسے اچھا تاثر نہیں پڑتا۔ ایک تعارفی میسج اور گروپ لنک کے ساتھ ان کو انوائٹ کریں۔

تو جناب واٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعے کاروبار شروع کرنے کی یہ بنیادی آگاہی تھی۔ مزید آپ اس حوالے سے یوٹیوب پر ویڈیوز لازمی دیکھیں اور پھر شروعات کریں۔

آن لائن کاروبار کے حوالے سے دو باتیں ہمیشہ یاد رکھیں کہ کچھ نیا سیکھنے اور اس پر عمل کرنے میں دیر نہیں کرنی اور دوسرا صبر و انتظار سے کام کرنا ہے۔ یہ نہیں کہ سیکھنا بھی چھوڑ دیں اور جلدی جلدی آرڈر نہ ملنے پر کاروبار بھی چھوڑ دیں۔ آن لائن کاروبار وقت لیتا ہے مگر مستقل مزاجی سے اس پر لگے رہنے والوں کو بہت کامیاب بناتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).