عمران خان اور چنگیز خان


مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پسے ہوئے عوام پر عمران حکومت نے پندرہ روز بعد ہی ایک اور پٹرول بم گرا دیا ہے، پٹرول کی قیمت 2 روپے 70 پیسے اضافے سے اب فی لٹر قیمت تقریباً 112 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 88 پیسے اضافے سے فی لٹر تقریباً 116 روپے ہو گئی ہے۔

عمران حکومت نے اڑھائی برسوں میں جتنی تباہی مچائی ہے، اتنی 72 برسوں میں نہیں ہوئی، سمندری سونامی سے لوگ بچ جاتے ہیں مگر نہیں لگتا کہ عمران خان کے سونامی سے پانچ سال بعد عوام بچ پائیں گے، عوام کے لئے ملازمتوں کے دروازے بند ہو چکے ہیں، نجی شعبہ بہت بڑی تعداد میں ملازمتیں دے کر حکومت کا بوجھ ہلکا کرنے مددگار ثابت ہوتا تھا، نجی شعبہ بھی تباہی کا شکار ہے، لوگوں کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے، مارکیٹ مردہ ہے، جو لوگ رات کو نکل کر دو، تین ہزار روپے عام ہوٹلوں پر خرچ کر دیتے تھے، وہ بھی اب دال روٹی تک پہنچ چکے ہیں۔

اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ مہنگائی نواز حکومت کے آخری سال میں اپنے رنگ دکھانے لگی تھی اور اندازہ تھا کہ مستقبل اتنا خوشحال نہیں ہو گا، اسی لئے مجھ سمیت عوام نے نواز شریف کو رد کرتے ہوئے عمران خان کو ووٹ دیے کیونکہ عمران خان نے عوام کو اتنی زیادہ امیدیں دلا دی تھیں کہ عوام کا خیال تھا کہ عمران خان حکومت میں آتے ہی عوام کو خوشحال کردیں گے مگر اڑھائی برسوں میں اس کے بالکل برعکس ہوا۔

عمران خان کے حکومت میں آنے سے پہلے اور حکومت میں آنے کے اڑھائی برس بعد کرپشن کا خاتمہ، کرپشن کا خاتمہ کے نعرے سن سن کر کان پک گئے ہیں، اب این آر او والی نئی بتی لگا کر عوام کو ٹرک کے پیچھے لگا دیا ہے، بندہ پوچھے جناب آپ کو عوام نے ووٹ ہی اس کام کے لیے دیے تھے کہ آپ چوروں کو پکڑ کر چوکوں اور چوراہوں میں الٹا لٹکا کر پیسے نکلوائیں،آپ کو کس نے روکا ہے مگر آپ کام کرنے کے بجائے ابھی تک وہی پرانا راگ آلاپ رہے ہیں۔

عمران حکومت کے ان اڑھائی برسوں میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے سابقہ حکومت کی کرپشن، لوٹ مار کا رونا رویا جاتا رہا ہے اور اتنا رویا جا رہا ہے کہ اب عوام ہی رونے لگ گئے ہیں کہ کیا عذاب گلے ڈال لیا۔

تاریخ کا ایک واقعہ پڑھتے جائیں، چنگیز خان نے جب بغداد فتح کیا تو اس نے عوام پر بہت ظلم وستم کیا، عوام کی زندگی اجیرن کر دی، ایک بار ایک مجمعے میں چنگیز خان کا عوام سے سامنا ہو گیا، ستائے ہوئے عوام چنگیز خان کو دیکھتے ہی پھٹ پڑے اور بدعائیں دینے لگے کہ اللہ کا تم پر عذاب نازل ہو،  جس پر چنگیز خان مسکرا دیا اور بولا میں اللہ کا عذاب ہی تو ہوں جو تم لوگوں پر آ چکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).