کشمالہ طارق جھوٹ بول رہی ہیں، گاڑی ان کا بیٹا چلا رہا تھا: حادثے میں زخمی نوجوان کا بیان


سرینگر ہائی وے حادثہ کیس میں پولیس نے کشمالہ طارق اور ان کے شوہر کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ دوسری جانب حادثے کے زخمی مجیب کا کہنا ہے کہ گاڑی کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان خان چلا رہا تھا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والے مجیب نے کشمالہ طارق کا دعویٰ جھوٹا قرار دیا ہے۔ زخمی نوجوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جب گاڑی کو ٹکر لگی تو وہ نیچے گر گیا تھا، اس نے مکمل ہوش و حواس میں دیکھا کہ گاڑی کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان خان چلا رہا تھا۔ زخمی نوجوان نے وزیر اعظم عمران خان سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل پیش آںے والے حادثے میں چار نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے۔
پولیس نے زخمی کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے وفاقی خاتون محتسب کشمالہ طارق اور ان کے شوہر وقاص کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان خان 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود شامل تفتیش نہیں ہوا۔ اذلان کو وکیل کے ذریعے تفتیش میں شامل ہونے کا پیغام بھی دیا گیا ہے لیکن وہ اس کے باوجود پیش نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ کشمالہ طارق نے پریس کانفرنس میں وضاحت کی تھی کہ حادثے کے وقت ایک گاڑی میں وہ اور ان کا بیٹا موجود تھے جبکہ دوسری گاڑی میں پچھلی نشست پر ان کا شوہر سویا ہوا تھا۔ جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت گاڑی ڈرائیور چلا رہا تھا۔

Facebook Comments HS