ہندکو متلاں۔ کتاب و اینڈرائیڈ ایپ


ہندکو زبان میں ضرب الامثال یا کہاوت کے لئے دو الفاظ رائج ہیں پہلا ”اکھانڑ“ اور دوسرا متل۔ اکھانڑ پہ غور کریں تو یہ لفظ ”آکھڑیں“ سے یعنی ”آخریں“ یا ”کہنے“ سے اخذ کیا گیا ہے۔ دوسرا لفظ متل ہے جو کہ لفظ ”مت“ سے اخذ کیا گیا ہے جس کے معنی ”مت“ یعنی ”عقل والی بات“ کے ہیں۔ یہ بنیادی طور پہ بزرگوں کی کہی ہوئی عقل و دانش یا فہم و ادراک کی باتیں ہیں۔ عربی میں محاوروں کے لئے لفظ ”مثل“ بھی استعمال ہوتا ہے۔

اب عربی میں حرف ”ث“ کی ادائیگی بھی اردو سے ذرا مختلف ہے تو ہندکو میں لفظ ”متل“ عربی کے ”مثل“ سے بھی میل کھاتا ہے۔ متل دراصل کسی کہانی، کسی واقعے کا ایک سطر میں سبق ہے جو کہ پورے واقعہ کا نتیجہ یا خلاصہ چند الفاظ میں ظاہر کردیتا ہے۔ مثلآٓ کسی کی کمزوری ہاتھ لگنے کے لئے ”پوچھل تے پیر رکھنڑا“ ایک خوب صورت اور جامع جملہ ہے۔ یا پھر اتفاق میں برکت کے لئے یہ کہنا کہ ”قوم دا نک موم دا نی ہوندا“ ۔

گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت پچھلے چند سالوں میں بہت زیادہ تحقیقی کام سرانجام دیا گیا اور اس تحقیق کو کتابی شکل میں آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ کیا جا رہا ہے۔ پانچ سال کی قلیل مدت میں لگ بھگ پانچ سو معیاری کتابوں کی اشاعت اپنے آپ میں ایک بڑا کارنامہ ہے جو کہ گندھارا ہندکو اکیڈمی میں انجام دیا گیا ہے۔ ”ہندکو متلاں“ گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت شائع ہونے والی ایک اعلیٰ اور شاندار تحقیقی کتاب ہے جس کی تحقیق و تالیف کا سہرا گندھارا ہندکو اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹو جناب محمد ضیا الدین کے سر جاتا ہے۔ اس شاندار تحقیقی عمل میں ضیا الدین صاحب کی معاونت محترمہ آفتاب اقبال بانو، سکندر حیات سکندر، علی اویس خیال اور ثاقب حسین نے کی۔

آٹھ سو سے ذائد صفحات پہ پھیلی اس ضخیم کتاب میں 2156 ہندکو متلاں یعنی محاورے شامل ہیں۔ کتاب کو انتہائی نفاست سے ہندکو حروف تہجی کے اعتبار سے مرتب کیا گیا ہے۔ کتاب میں لگ بھگ 600 موضوعات و معاملات زندگی سے متعلقہ ہندکو محاورے شامل ہیں۔ کتاب کی ایک عمدہ خوبی کتاب کے آخر پہ موجود انڈیکس ہے۔ اس انڈیکس کی مدد سے کتاب میں موجود کسی بھی محاورے کو حروف تہجی کے لحاظ سے باآسانی ڈھونڈا جاسکتا ہے۔ کتاب میں موجود محاوروں کے ساتھ ان سے متعلقہ تفصیل کچھ اس طرح سے دی گی ہے۔

مہتل نمبر: متل
الفاظ معنی: مشکل ہندکو الفاظ کے اردو معانی
اردو ترجمہ:
عنوان: یعنی موضوع ”کتاب کے آخر پہ موجود انڈیکس بھی بلحاظ عنوان ہی ترتیب دیا گیا ہے“
مدعا: متل کا مقصد
مطلب: ہندکو زبان میں ہی متل کی وضاحت
مثال کے طور پر
940 : چم پیارا کہ کم پیارا
الفاظ معنی: چم {چام} کم {کام}
اردو ترجمہ: خوبصورت ہونے سے محنتی ہونا اچھا ہے۔
عنوان: خوبصورتی
مدعا: کم روزگار نال انسان دی خوبصورتی ہوندی اے۔

مطلب: یعنی انسان دی صورت و شکل اچھی لگدی اے یا اس دا کم۔ ایہہ مہتل اکثر سوالیہ انداز اچ بولی جاندی اے۔ ایہہ مہتل طنزآٓ بولی جاندی اے مطلب اے وے کہ انسان کم کردا اچھا لگدا وے ویلا آدمی کسی نوں بی اچھا نی لگدا پہانویں اوہ بڑا سوہنڑا تے گبرو جوان کیوں نہ ہوئے۔

اشاعت کے بعد کتاب نے ملک کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے عوامی حلقوں کے ساتھ ساتھ پڑھے لکھے اور تحقیقی حلقوں میں بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔ پی ایچ ڈی لیول تحقیق کے لئے دوسرے صوبوں کے محققین اس کتاب کو بطور حوالہ کتاب کے استعمال میں لانے لگے۔ اس مقبولیت کے پیش نظر کتاب کے مولف ضیا الدین صاحب کی خواہش تھی کہ کسی طرح پوری دنیا میں اس کتاب کی ڈیجیٹل ترسیل کا انتظام کیا جائے۔ اس مقصد کی تکمیل کے لئے اس کتاب کی انٹریکٹو اینڈرائیڈ ایپ بنانے کا منصوبہ پیش کیا گیا۔ یہ کوی چھوٹی موٹی ایپ نہیں تھی بلکہ لگ بھگ بایس سو محاوروں کا ریکارڈ تھا، اس لئے اس ایپ کو بنانے کے لئے ایک ڈیڈیکیٹڈ ٹیم تشکیل دی گئی۔ اس ٹیم میں ڈاکٹرمحمد عادل، عمر رؤف، اقصیٰ گل اور سیف اللہ شامل تھے۔

اس ٹیم کی محنت اور اکیڈمی کی پرخلوص کاوش کے باعث ڈیزائننگ اور ٹیسٹنگ کے مراحل طے کر کے یہ اینڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کے لئے مہیا کردی گئی۔ یہ ایک انٹریکٹو ایپ ہے جسے باآسانی اینڈرائیڈ پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ ایپ میں متل یا محاورہ ڈھونڈنے کے لئے دو آپشنز موجود ہیں۔

1۔ حروف تہجی کی فہرست میں سے کسی حرف کو ٹچ کریں تو اس حرف سے شروع ہونے والے موضوعات سکرین پہ ظاہر ہو جاتے ہیں۔ کسی بھی موضوع کو ٹچ کرنے پر اس موضوع سے متعلقہ تمام محاوروں کی نمبر لسٹ سامنے آجاتی ہے۔ کسی بھی نمبر کو ٹچ کرنے سے وہ محاورہ اور اس کی تمام تفاصیل سامنے آجاتی ہیں۔

2۔ سرچ بار میں اپنی مرضی کا موضوع خود ٹائپ کریں اور محاورے تک پہنچ جائیں۔
”ہندکو متلاں اینڈرائیڈ ایپ“ کا پلے سٹور لنک یہ ہے۔
https://play.google.com/store/apps/details?id=soft.minning.hindko.matlaan
صفحات: 008 {آٹھ سو}

قیمت: مبلغ 1200 (بارہ سو) روپے علاوہ ڈاک خرچ {کتاب گندھارا ہندکو اکیڈمی، پشاور سے رابطہ کرنے پر پچاس فی صد ڈسکاؤنٹ پر حاصل کی جا سکتی ہے }

ملنے کا پتہ:
گندھارا ہندکو اکیڈمی، پشاور
4-A
ریلوے روڈ، یونیورسٹی ٹاؤن
پشاور
25000
فون نمبر: + 92۔ 91۔ 7256262


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).