کینسر کہانی
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کینسر کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے ۔ اگرچہ آج سے پہلے میرے لیے 4 فروری کا دن چپکے سے گزر جاتا تھا۔ مگر ابو کے جانے کے بعد ابو سے جڑی ”کینسر کہانی“ میں روز دھراتا ہوں۔ مجھے یاد ہے کے جب ہم کوئی کام جلدی میں کرتے تو ابو کہا کرتے تھے، بھلا جلدی کس چیز کی ہے؟ پر خود ”گاڈ میڈ“ کو اپنے ”گاڈ“ کے پاس جانے کی اتنی جلدی تھی کے ایک سال کے قلیل عرصہ میں ہی چل دیے۔
ابھی پچھلے سال کی تو بات ہے کہ آج ہی کے دن ابو کا موبائل فون میرے ہاتھ میں تھا اور وہ اپنی اگلی کیموتھراپی کی تیاری کر رہے تھے۔ وہ فون تو آج بھی اسی طرح میرے پاس ہےلیکن ابو نہیں ہیں۔
فیصل آباد سے بہت دور ICU کے باہر بیٹھا میں اکثر سوچتا تھا کہ اگر ابو فیصل آباد میں ہوتے تو شاید ان کا اتنا اچھا علاج نہ ہو پاتا یا پھر کبھی نہ کبھی تو اس علاج کے لئے شہر سے باہر جانا ہی پڑتا اور اس طرح آہستہ آہستہ ”فیصل آباد سے فاصلے“ کا ”فلسفہ“ سمجھ میں آنے لگا تھا۔
بہرحال خدا کی کرنی دیکھیے کے بیماری کی تشخیص سے کچھ عرصہ پہلے تک سب کچھ نارمل تھا۔ پہلے پہل تو ایسا لگا کہ شاید پانی اور آب و ہوا کی تبدیلی کی وجہ سے کوئی مسئلہ ہے لیکن جب معاملات خراب ہونے لگے تو گیسٹرولوجسٹ نے انڈوسکوپی کی اور زندگی کا سب سے بڑا دکھ آشکار ہوا کہ ابو کو کینسر ہے! ! !
اس رات نیم بے ہوش ابو کو گاڑی میں بٹھایا اور گھر کی طرف چل دیے ، دل اتنے زور سے دھڑکا جیسے درد سے پھٹ جائے گا۔ شاید اسی لیے سڑک پہ جاتا ہر شخص کسی نہ کسی بیماری سے لڑتا نظر آیا تھا۔
جب تک بیوپسی کی رپورٹ نہیں آئی ، ہم نے ابو کو لا علم رکھا لیکن ہمارے چہرے سے سب عیاں تھا ۔ بہت باہمت دکھنے والے ہم بہن بھائی والدین کے معاملے میں بہت کمزور ہیں اور بچپن سے لے کر اب تک جو الفاظ ہمارے لئے کسی آفت سے کم نہیں ، ان کا مفہوم کچھ یوں ہے: ”امی ابو کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے“ کسی بھی اولاد کی غرض و غایت ”رب ارحمھما کما ربیانی صغیراً“ سے بڑھ کر کیا ہو سکتی ہے۔
دوسری طرف اپنی سوانح حیات ”گاڈ میڈ“ مکمل کرنے والے ہمارے ابو کو کیا علم تھا کہ ان کی زندگی سے جڑی سب سے درد ناک ”کینسر کہانی“ ابھی باقی تھی اور درد بھی ایسا کہ میری روح چھلنی ہو گئی، زندگی کا سارا کرب ایک حرف میں سما گیا، میری زندگی کا ”ک“ کرونا نہیں کینسر ہے۔
کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ وہ بیماری جس کا ذکر ہمیشہ لوگوں سے سنا تھا، اتنی اذیت ناک ہو گی اور اس کا علاج اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ۔ ایک کے بعد ایک سرجری، ہر بار ایک نیا امتحان۔ کینسر بالکل بھی ویسا نہیں جیسا فلموں اور ڈراموں میں دکھایا جاتا ہے۔
جوں جوں وقت گزرتا رہا کیموتھراپی کے اثرات بڑھتے گئے اور ابو جیسے باذوق اور مصروف انسان نے ہر قسم کی ”پڑھائی لکھائی“ چھوڑ دی، اخبار پڑھتے نہ ٹی وی دیکھتے ، بس اپنے کمرے میں رب کی رضا پہ راضی۔ ابو کی یہی ہمت ہمارا کل اثاثہ اورحوصلہ تھی لیکن جب جب کوئی اور ہمیں حوصلہ دینے کی کوشش کرتا ہے تو نہ جانے کیوں آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔
کیموتھراپی کے طویل سیشنز ہوں، ان گنت میڈیکل ٹیسٹ ہوں یا پھرتکلیف دہ سرجریز، ہم ہر ٹریٹمنٹ کے بعد ابو کی آنکھیں کھلنے کا انتظار کرتے اور اس دوران زندگی کے دوران کی گئی ان کی ہر بات ، ہر رویہ ہماری آنکھوں کے سامنے آ جاتا کہ امی ابو نے ہم چھ بہن بھائیوں کو کتنے مان پیار سے پالا۔ یہی وجہ ہے کہ ہم بہن بھائی دنیا کے کسی کونے میں تھے، ہمارا ”ٹائم زون“ ابو کی ”ٹائم روٹین“ سے جڑ چکا تھا۔ حتیٰ کہ جب ابو کا آخری وقت آیا تو دور بسنے والی اولاد کی بے وقت فون کالز بھی آنے لگیں۔
گو کہ دل کو دل سے راہ ہوتی ہے لیکن اب تو ایک عرصہ ہوا ابو سے بات نہیں ہوئی۔ ابو آپ تو چلے گئے لیکن ہماری زندگیوں سے جڑی یہ ”کینسر کہانی“ ہمیں روز رلاتی ہے۔ آپ سب سے التماس ہے کہ میرے بابا ”مرحوم ڈاکٹرعبدالستار منعم“ کی بخشش کے لیے اول و آخر درود شریف کے ساتھ سورۃ فاتحہ اور تین مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھ کے دعا کر دیجیے۔ (جزاک اللہ خیراً)


