فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ادارے کو سیاست میں مت گھسیٹیں: ڈی جی آئی ایس پی آر


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں، فوج کے کسی قسم کے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے پی ڈی ایم اور اسٹیبلشمنٹ کے بیک ڈور رابطے سے متعلق سوال پر کہا کہ کچھ دنوں سے اس بارے میں کافی چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں، میں پھر واشگاف الفاظ میں کہہ دینا چاہتا ہوں کہ افواج کا سیاست سےکوئی تعلق نہیں۔

جنرل افتخار بابر نے کہا کہ کسی قسم کےبیک ڈور رابطے یا چینل اس چیز کیلئے استعمال نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیاں کرنےوالوں سے پھر کہوں گا فوج کوسیاست میں مت گھسیٹیں، ہمارے پاس داخلی وخارجی سلامتی کا بڑا فریضہ ہے، جسے بہ خوبی ادا کر رہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بغیر شواہد اور تحقیق اس بارے میں بات کرنا کسی کو بھی سوٹ نہیں کرتا، اس قسم کی قیاس آرائیوں کو بند ہونا چاہیے، اس بارے میں کمنٹس کرنے والوں کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لے آئیں، دکھا دیں کہ کون کس کو کال کر رہا ہے،کس سے بات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوئی چیز نہیں ہو رہی۔ میں پھر درخواست کرتا ہوں کہ ان معاملات میں ہمیں نہ گھسیٹا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).