پشاور میں احمدی ہومیو پیتھک ڈاکٹر عبدالقادر ٹارگٹ کلنگ کا شکار


بازید خیل پشاور میں میڈیکل سینٹر پر کم عمر نوجوان نے فائرنگ کر دی۔ ملزم کو پکڑ کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ گزشتہ چند ماہ میں چار احمدیوں کو پشاور میں ہدف بنا کر قتل کیا گیا۔

آج 11 فروری 2021 کو پشاور کے علاقے بازید خیل میں میڈیکل سینٹر پر حملہ کر کے ہومیو پیتھک ڈاکٹر عبد القادر کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ میڈیکل سینٹر ایک احمدی بنیامین احمد چلا رہے ہیں۔ یہ میڈیکل سینٹر کئی دہائیوں سے علاقہ کے عوام کو طبی خدمات فراہم کر رہا ہے اور علاقے میں نیک نامی کا حامل ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آج تقریباً 2 بجے دوپہر میڈیکل سینٹر کے دروازہ پر قاتل نے گھنٹی بجائی۔ عبد القادر صاحب نے جیسے ہی دروازہ کھولا، حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔

عبد القادر صاحب کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ مرحوم ایک نافع الناس وجود تھے اور ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ احمدی ہونے کی بنا پر انہیں خطرات لاحق تھے جس کی بنا پر چند ماہ قبل انہوں نے اپنے اہل خانہ کو پشاور سے دور ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ مقتول کی عمر 65 سال تھی۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ، 4 بیٹے اور 5 بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔

قاتل احسان اللہ جس کی عمر 18 سے 19 سال کے قریب ہے، اس کو میڈیکل سینٹر پر موجود افراد نے تعاقب کر کے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔

جماعت احمدیہ کے ترجمان نے عبد القادر صاحب کے قتل پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عمومی اور پشاور میں خاص طور پر احمدیوں کے خلاف نفرت انگیز مہم میں شدت آ گئی ہے۔ گزشتہ چند ماہ سے احمدیوں کو مسلسل قاتلانہ حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصہ میں یہ آٹھواں واقعہ ہے جس میں احمدیوں کو ہدف بنا کر حملہ کیا گیا۔ ضلع ننکانہ میں 20 نومبر 2020 کو ایک نوجوان احمدی ڈاکٹر طاہر احمد صاحب کو عقیدے کے اختلاف کی بنا پر قتل کیا گیا جبکہ چند دن قبل 2 فروری 2021 کو لیہ میں ایک احمدی ہیڈ ماسٹر پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مسلسل قاتلانہ حملوں سے وطن عزیز کے احمدیوں میں عدم تحفظ کا احساس شدید ہوا ہے۔ جبکہ پشاور کے احمدی خوف کی فضا میں ہیں۔ ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست احمدیوں کو تحفظ دینے کے لئے نفرت انگیز مہم روکے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments