پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی سیریز: دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز ایک ایک سے برابر

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  


رضوان

Getty Images

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان لاہور میں کھیلا جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 145 رنز کا ہدف 17ویں اوور کی دوسری گیند پر چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس اور پائٹ وان بلجان نے سب سے زیادہ 42 جبکہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے دو کٹیں حاصل کیں۔

حالانکہ پاکستان کو آغاز میں ہی شاہین آفریدی نے دو کامیابیاں دلوا دی تھیں تاہم اس کے باوجود ریزا ہینڈرکس اور بلجان کی عمدہ شراکت کے باعث پاکستان ایک چھوٹے ٹوٹل کا دفاع نہ کر پایا۔ پچھلے میچ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے عثمان قادر آج خاصے مہنگے رہے جس کے باعث پاکستان بیچ کے اوورز میں وہ دباؤ ڈالنے میں ناکام رہا۔

ادھر پاکستان نے اپنی اننگز شروع کی تو آغاز میں ہی ایک بار پھر کپتان بابر اعظم پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر پچھلے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس میچ میں بابر اعظم کو ڈوین پریٹوریئس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

یہ بھی پڑھیے

رضوان کی اننگز نہ ہوتی تو پھر کیسی سنسنی؟

کیا بابر اعظم بھی مصباح کی تاریخ دہرا سکیں گے؟

’سر رضوان کی کِیپنگ کے دوران ہم کتنی بار یہ منظر دیکھیں گے‘

ادھر محمد رضوان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور انھوں نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم دیگر بلے بازوں نے ان کا خاطر خواہ ساتھ نہیں دیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈوین پریٹوریئس نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ چائنا مین سپنر تبریز شمسی نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 16 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے حیدر علی نے 10، حسین طلعت تین اور افتخار احمد نے صرف 20 رنز ہی بنائے جس کے باعث پاکستان کا پہلے ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں بہتر ٹوٹل کرنے کی امیدیں دم توڑ گئیں۔

فہیم اشرف کی جانب سے 12 گیندوں پر 30 رنز کی جارحانہ اننگز کے باعث پاکستان 145 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔

بابر

Getty Images
پاکستان نے اپنی اننگز شروع کی تو آغاز میں ہی ایک بار پھر کپتان بابر اعظم پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر پچھلے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس میچ میں بابر اعظم کو ڈوین پریٹوریئس نے ایل بی ڈبلیو کیا

پاکستان کی جانب سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ جنوبی افریقہ کی گلینٹن سٹورمین کو ٹیم شامل کیا گیا ہے۔ عموماً رات گئے اوس پڑنے کے خدشے کے باعث اس گراؤنڈ پر ٹیمیں پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتی ہیں کیونکہ دوسری اننگز میں بولنگ کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھیجی گئی ٹیم وہ نہیں جو عام طور پر ہوتی ہے اور اس مرتبہ اس ٹیم میں کئی نئے چہرے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم: بابر اعظم، محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، محمد نواز، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم: ہینرک کلاسن، یانیمن ملان، ریزا ہینڈرکس، جے سمٹس، پائن وان بلجان، ڈیوڈ ملر، اینڈلے پیفلکوایا، ڈوین پریٹوریئس، گلینٹن سٹورمین، تبریز شمسی اور لوتھو سپمالا۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 17677 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp