آن لائن نوکری دینے والی جعلی کمپنیوں سے ہوشیار رہیں


کسی ملک کی کامیابی کا دار و مدار وہاں کی معیشت پر ہوتا ہے۔ اگر معیشت کمزور ہو جائے تو روزمرہ زندگی کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ اگر بات کی جائے پاکستانی معیشت اور کاروباری صورتحال پر تو کورونا اپنے ساتھ کئی لوگوں کے کاروبار لے گیا،ملکی معیشت زوال پذیر ہو گئی ، حکومت کی طرف سے عوام سے تعاون تو دور یہاں تو حکومت نے بھی عوام کو مشکلات کی دلدل میں پھنسا دیا ہے ۔ کبھی مہنگائی کی صورت میں تو کبھی ٹیکس بڑھا کر ۔ جہاں عوام بے روزگاری سے لڑ رہے ہوں وہاں مہنگائی سے رہی سہی کسر بھی پوری ہو جاتی ہے۔

یہاں میں جس مسئلے پر بات کرنے جا رہی ہوں ، وہ پاکستانی عوام کی خستہ حالی کا ایسا ثبوت ہے جس نے دل دہلا کر رکھ دیا بلکہ قابل غور بات یہ ہے کہ بہت سے عوام اس مسئلے سے بے خبر کیوں ہیں اور میڈیا اس پر آواز کیوں نہیں اٹھا رہا؟

میں بات کر رہی ہوں جگہ جگہ فراڈ کمپنیوں سے متعلق جو مختلف مقامات پر اپنے آفس کھول کر معصوم لوگوں کو ٹھگ رہی ہیں۔ اس قسم کے آفس اور کمپنیاں پورے پاکستان میں کام کر رہی ہیں جو آن لائن جاب کی لالچ دے کر عوام کو لوٹتی ہیں اور اپنا کاروبار وسیع پیمانے پر پھیلا رہی ہیں۔

اس قسم کی کمپنی کا طریقۂ واردات یہ ہے کہ نوکری کے حصول کے لئے آنے والے افراد سے تین سے چار دن کی ٹرئیننگ کے تین ہزار یا چار ہزار لیتے ہیں۔ ایسی کسی بھی کمپنی لے جھانسے میں نہ آئیں جو پیسے لے کر نوکری مہیا کرنے کا دعویٰ کرتی ہو کیونکہ کوئی بھی کمپنی پیسوں کے بدلے نوکری نہیں دیتی۔

اگر کوئی کمپنی نوکری دینے سے پہلے رقم کا مطالبہ کرے تو اس جگہ نوکری کرنے سے گریز کریں کیونکہ ایسے لوگوں کا مافیا بڑے پیمانے پر لوگوں کو بے وقوف بنا رہا ہے جس نے متعدد لوگوں کو نوکریوں کا جھانسہ دے کر لوٹا ہے ، اس طرح کے فراڈ کی بڑی وجہ بے روزگاری اور لوگوں کے خراب معاشی حالات ہیں۔

اگر ملکی معیشت بہتر ہوتی تو یہ نوبت کبھی نہ آتی۔ زیادہ تر اس قسم کی کمپنیاں کمپیوٹر سافٹ وئیر یا ادویات بنانے والی کمپنیاں ہیں جو عوام کو بیوقوف بنا رہی ہیں ، تاحال ان عناصر کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں آ سکی ہے۔ ان افراد کا شکنجہ روز بروز زیادہ خطرناک ہوتا جا رہا ہے۔ یہ جعلی کمپنیاں ابھی تک لاکھوں افراد کو بیوقوف بنا چکی ہیں اور مزید بھی اس قسم کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

جس قسم کے حالات پیدا کر دیے گئے ہیں ، ان میں انتہائی تصدیق کے بعد ہی کوئی نوکری کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ مافیا بہت تیزی سے پھیل رہا ہے ، جو آنے والے وقت میں مزید وارداتیں کر سکتا ہے۔

حکومت سے گزارش ہے اس قسم کے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں پھیلنے سے روکا جائے تاکہ مزید افراد ان کے شکار ہونے سے بچ سکیں۔ کیونکہ اگر ان کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو مزید افراد اس مافیا کا حصہ بن جائیں گے اور لوگ ان کے ہاتھوں لٹتے رہیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments