پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد اور کوئٹہ مدِمقابل: اسلام آباد کو کوئٹہ کے خلاف آغاز میں ہی کامیابی، صائم ایوب آؤٹ
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا بارہواں میچ آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہا ہے جہاں اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
اب سے کچھ دیر قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے اوور کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 10 رنز بنائے ہیں۔ اس وقت کریز پر فاف ڈو پلیسی اور ڈیل پورٹ موجود ہیں۔
نوجوان بلے باز صائم ایوب اس ٹورنامنٹ میں خاطر خواہ پرفارمنس نہیں دکھا سکے، اور آج بھی وہ حسن علی گیند پر صرف چار رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان سپر لیگ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد یونائٹڈ کو ایک میچ میں دو غیرملکی کھلاڑیوں کو کھلانے کی اجازت ہو گی۔ عام صورتحال میں ہر ٹیم کو تین یا اس سے زیادہ غیرملکی کھلاڑیوں کو کھلانے کی اجازت ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
تین غیر ملکی کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت مگر پی ایس ایل جاری رہے گی
پی ایس ایل سکس میں قلندرز کی فتح: ’لاہور سے پنگا ناٹ چنگا‘
سمیع چوہدری کا کالم: یا پھر قصور ٹاس کا ہی نکلے گا؟
اس کی وجہ دراصل اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی فواد احمد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونا تھی جبکہ ان کے ایک کھلاڑی زخمی بھی ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جانب سے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے اور عثمان شنواری کی جگہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ٹیم جگہ دی گئی ہے۔
ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دو تبیدلیاں کی گئی ہیں اور محمد موسیٰ اور روحیل نذیر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک پی ایس ایل میں مجموعی طور پر گیارہ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سات جیتے ہیں اور اسلام آباد نے چار میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس پی ایس ایل ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اب تک 11 میچوں میں کوئی بھی ٹیم ہدف کا دفاع کرتے ہوئے نہیں جیت پائی۔
اس وقت کوئٹہ کی پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی پوزیشن ہے اور یقیناً وہ چاہے گی کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کر کے پلے آفز میں شامل ہونے کا موقع نہ کھو دے۔ اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے ویسے تو تین میں سے دو میچ جیت رکھے ہیں اور اس کی پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن ہے لیکن پچھلے میچ میں انھیں سات وکٹوں سے شکست ہوئی تھی اور انھوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 118 رنز بنائے تھے۔


