شوبز ڈائری: تاپسی پنوں اور فلسماز انوراگ کشیپ کے گھروں پر ٹیکس چوری کے الزام میں چھاپے


تاپسی پنوں اور انوراگ کشیپ

اداکارہ تاپسی پنوں اور فلسماز انوراگ کشیپ کے گھروں اور دفاتر پر انکم ٹیکس نے چھاپہ مارا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی انوراگ کشیپ کی پروڈکشن کمپنی فینٹم فلمز کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری کے معاملے میں کی گئی ہے۔

حالانکہ یہ پروڈکشن گروپ 2018 میں ختم ہو چکا ہے۔

اس وقت انوراگ کشیپ، فلمساز وکرمہ دتیہ موتوانی اور پروڈیوسر وکاس بہل اس کے تحقیقات کی زد میں ہیں۔

اس کارروائی میں ان کے ڈسٹری بیوٹرز تک کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے گئے۔ انکم ٹیکس محکمے کا کہنا ہے کہ ان تمام لوگوں کے درمیان جو فنڈز کا تبادلہ ہوا ہے اس پر محکمے کی نظر تھی اور ان کے خلاف ٹیکس چوری سے متعلق ثبوت جمع کیے جا رہے ہیں۔

تاپسی پنوں اور انوراگ کشیپ ملک کے موجود حالات اور اہم حساس موضوعات پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے آئے ہیں چاہے وہ این آر سی کا معاملہ ہو یا کسانوں کے احتجاج کا۔ این آر سی احتجاج کے دوران انوراگ اظہارِ یکجہتی کے لیے جے این یو یونیورسٹی اور شاہین باغ بھی گئے تھے۔

اس پروڈکشن ہاؤس نے لٹیرے، کوین، مسان اور اڑتا پنجاب جیسی فلمیں بنائی ہیں۔ ساسی جماعت این سی پی کے رہنما نواب ملک کا کہنا ہے کہ ان چھاپوں کے پیچھے سیاسی محرکات کارفرما ہیں اور ان دونوں کو مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف بولنے کی سزا دی جا رہی ہے جبکہ مرکزی وزیر پرکاش جاوڑیکر نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’میری جگہ کوئی اور لڑکی ہوتی تو شاید وہ حالات کے سامنے ہتھیار ڈال دیتی‘

سشمیتا سین: ’بہترین تحفہ‘ 45ویں سالگرہ پر ملا ہے

’کرداروں کی آفر احسان کے طور پر دی گئی جو قبول نہیں تھا‘

یوں تو اداکار عمران ہاشمی ’سیریل کِسر‘ کے نام سے مشہور ہیں اور اس ٹیگ کے ساتھ وہ کچھ فلموں میں سافٹ ولن بن کر بھی آخر میں ہیروئن لے اڑے۔ لیکن اس بار معاملہ مختلف ہے۔

ایک تو عمران ہاشمی پہلی بار یش راج پروڈکشن کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور وہ بھی فلم ٹائیگر تھری میں جس میں وہ باقاعدہ ولن بن کر سلمان خان کا سامنا کریں گے۔

ایکشن پیک ٹائیگر فرنچائز میں سلمان خان اور کترینہ کیف مرکزی کردار میں ہیں جبکہ فلم کا تیسرا بڑا مرکزی کردار اب عمران ہاشمی ادا کریں گے۔

میڈیا کی خبروں کے مطابق 360 کروڑ کی لاگت سے بننے والی ٹائیگر تھری نہ صرف یش راج پروڈکشن کی مہنگی ترین فلم ہوگی بلکہ انڈسٹری میں بھی اب تک کی سب سے بڑی فلم کہلائے گی۔

فلم کی شوٹنگ مارچ میں یش راج سٹوڈیوز میں شروع ہونے والی ہے اور جون کے مہینے سے فلم کی شوٹنگ یورپ میں ہوگی۔

فی الحال سلمان اپنے وعدے کے مطابق عید پر ‘رادھے’ بن کر سنیما گھروں میں پہنچ رہے ہیں اور جلد ہی اس فلم کی پروموشن شروع کرنے والے ہیں۔ جہاں تک عمران ہاشمی کا تعلق ہے تو ہو سکتا ہے ولن کا یہ کردار ان کی پرانی شبیہ کو تبدیل کردے اور یہ فلم اور کردار ان کے کریئر میں ایک اور سنگ میل ثابت ہو۔

ویسے سلمان خان اپنی فلموں کا پروموشن تو کریں گے ہی لیکن اب ان کے سر پر ایک اور ذمہ داری ہے، انھیں اپنی قریبی دوست کترینہ کیف کی بہن ایزا بیل کی پہلی فلم ’ٹائم ٹو ڈانس‘ کا پروموشن بھی کرنا ہوگا۔ اس فلم میں ایزابیل اداکار سورج پنچولی کے ساتھ نظر آئیں گی۔ پہلے سلمان کو اس فلم میں ایزابیل کے ساتھ ایک آئٹم نمبر کرنا تھا جو بعد میں کینسل کر دیا گیا۔

https://www.instagram.com/p/CL9lCWqrUut/

سیف علی خان اور کرینہ کپور نے اپنے دوسرے بیٹے کی پیدائش کے بعد پہلی بار گھر پر اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ ایک شام گزاری ہے۔

کرینہ کی بہن کرشمہ نے انسٹا پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں کرینہ اور سیف کے ساتھ ان کی پرانی دوست ملائکہ اروڑہ ان کی بہن امرتا اور فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترہ بھی شامل تھے۔

سیف اور کرینہ کے دوسرے بیٹے کی پیدائش کے بعد بھی سوشل میڈیا پر انھیں جم کر ٹرول کیا گیا تھا اور بچے کے لیے اورنگ زیب سمیت متعدد نام تجویز کیے گئے۔

ان کے پہلے بیٹے تیمور کے نام کے حوالے سے جو ہنگامہ ہوا تھا اور اب نئے بچے کی آمد پر سوشل میڈیا پر ہونے والی طوفانِ بدتمیزی کے پیشِ نظر ہی شاید انھوں نے دوسرے بیٹے کے نام کا اعلان ابھی تک نہیں کیا ہے۔

چھوٹے نواب کا نام کیا رکھا گیا ہے یہ ابھی تک ایک معمہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp