کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، ایک خاتون ہلاک، 15 سے زائد مسافر زخمی


پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے روہڑی کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی نو بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد الٹ جانے سے ایک خاتون ہلاک، 15 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثہ روہڑی کے قریب منڈو دیرو اور سانگی ریلوے سٹیشنوں کے درمیان پیش آیا۔

آئی جی ریلویز عارف نواز نے نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز` سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس حادثے میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ٹرین میں سوار ایک مسافر خاتون ہلاک جبکہ 15 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

آئی جی ریلویز کا کہنا تھا کہ ’ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور حادثے کے زخمی تمام افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی ہپستال منتقل کر دیا گیا ہے۔‘

ٹرین حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم جائے حادثہ پر اندھیرا ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو امدادی سرگرمیاں شروع کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیے

وہ سانحے جن پر حکام نے غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے

ٹرین میں سکیورٹی کی ذمہ داری کس کی؟

پاکستان میں ریل کا سفر محفوظ کیوں نہیں رہا؟

ریل حادثے: بلاول، شیخ رشید کے دعووں میں کتنی سچائی؟

حادثے کے فوراً بعد اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک بلاک ہو گئے اور کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی جانے والی دیگر ٹرینوں کو مختلف ریلوے سٹیشنوں پر روک لیا گیا۔

امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر روہڑی اور سکھر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ جبکہ حادثے کے بعد ٹرین کے مسافروں کو روہڑی ریلوے سٹیشن پہنچا دیا گیا۔

ریلوے حکام نے روہڑی سے ریلیف ٹرین طلب کر کے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کو بحال کرنے میں کچھ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

پاکستان میں ٹرینوں کو حادثات کیوں پیش آتے ہیں؟

پاکستان میں ریل کا سفر بہت مقبول عام ہے خاص کر نیم متوسط اور غریب طبقے کے افراد میں اور ریلوے کا سسٹم ملک کے طول و عرض میں موجود ہے۔ اس سب کے باوجود زیادہ تر ٹرینوں میں مسافر گنجائش سے زیادہ ہوتے ہیں جبکہ ٹرینوں کی حالت بھی خستہ ہوتی ہے۔

ٹرین حادثہ

ریلوے حکام کے مطابق ملک میں ٹرین حادثات کی تین بڑی وجوہات میں پٹری کی بحالی و دیکھ بحال، سگنل کے مسائل اور پرانے انجن ہیں۔ حادثہ پیش آنے کی صورت میں ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ ٹرین میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کا سوار ہونا ہوتا ہے۔

پاکستان میں ٹرین حادثات کی تاریخ

راولپنڈی سے کراچی کے لیے چلائی جانے والی ‘بہترین سہولیات` سے آراستہ سرسید ایکسپریس ہو یا لاہور سے چلنے والی جناح ایکسپریس یا پھر وزیراعظم کے آبائی علاقے میانوالی کے لیے چلائی گئی نیازی ایکسپریس تحریکِ انصاف کے دورِ حکومت میں آئے زور نئی ٹرینوں کا افتتاح تو ہو رہا ہے لیکن ایک زمانے میں محفوظ ترین قرار دیا جانے والا ریل کا سفر پاکستان میں اب اتنا محفوظ نہیں رہا۔

ٹرین

ملک میں گذشتہ کئی برسوں میں ٹرین کے متعدد حادثات ہو چکے ہیں۔

  • گذشتہ برس 29 فروری کو پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر روہڑی میں کراچی سے لاہور جانے والی پاکستان ایکسپریس اور ایک بس کے درمیان تصادم میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
  • 31اکتوبر 2019 کو پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ایک مسافر ٹرین میں آگ لگنے سے کم از کم 74 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ آگ کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں لگی تھی۔ حکام کے مطابق اس حادثے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کی لاشیں ‘ناقابل شناخت’ حالت میں تھیں۔
  • 11 جولائی 2019 کو رحیم یار خان کے قریب حادثے میں کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ایک مال گاڑی سے ٹکرائی اور اس حادثے کے نیتجے میں 20 سے زائد مسافر ہلاک جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
  • 28 مارچ 2017 کو پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں ہرن مینار کے قریب مسافر ٹرین اور آئل ٹینکر کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے تھے۔
  • تین نومبر 2016 کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دو مسافر ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک جبکہ 60 زخمی ہو گئے تھے۔
  • دو جولائی سنہ 2015 کو صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے قریب فوجی خاندانوں کے لیے چلائی جانے والی خصوصی ٹرین کو ریلوے پل پر حادثہ پیش آیا اور ٹرین کی کچھ بوگیاں نہر میں جا گریں جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والے افراد میں چار فوجی افسر اور ان کے خاندان کے دیگر افراد بھی شامل تھے۔

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp