مجھے اپوزیشن کے تمام سینیٹرز پر مکمل اعتماد ہے، کیمروں کی تنصیب واٹر گیٹ جیسا سکینڈل ہے: بلاول بھٹو


پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ غلط تاثر پیدا کیا جا رہا ہے کہ کچھ اپوزیشن سینیٹرز نے جان بوجھ کر غلط مہر لگائی۔ کیمروں کی تنصیب کا معاملہ واٹر گیٹ کی طرح ایک بڑا سکینڈل ہے۔ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونےوالےعشائیے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ غلط تاثر پیدا کیا جا رہا ہے کہ کچھ اپوزیشن سینیٹرز نے جان بوجھ کر غلط مہر لگائی۔ سیکریٹری سینیٹ کی ہدایات کی روشنی میں سینیٹرز کو امیدوار کے خانے میں کہیں بھی مہر لگانے کی ہدایات کی گئی تھیں۔ کسی سینیٹر نے غلط مہر نہیں لگائی، مجھے اپوزیشن کے تمام سینیٹرز پر مکمل اعتماد ہے۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب کا معاملہ واٹر گیٹ کی طرح ایک بڑا سکینڈل ہے۔ پریذائیڈنگ آفیسر کا فیصلہ جلد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ ہمیں انصاف کی امید ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پارلیمان سے استعفے دینے یا نہ دینے کا معاملہ اہم ہے، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے فیصلے کریں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنماؤں نے بلاول بھٹو کو تجویز دی کہ کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ اپوزیشن اراکین پارلیمان سے مستعفی نہ ہوں، پارلیمان میں سلیکٹڈ عمران خان کے خلاف ہم نے بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں۔

Facebook Comments HS