امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں فائرنگ، بچے سمیت چار افراد ہلاک
امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر اورِنج میں بدھ کو فائرنگ کے واقعے میں بچے سمیت چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ دو افراد زخمی ہیں جن میں مشتبہ حملہ آور بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ریاست کیلی فورنیا میں لاس اینجلس کے قریب واقع شہر اورِنج کی اس عمارت میں پیش آیا جہاں زیادہ تر دفاتر ہیں۔
امریکہ میں ایک ماہ میں فائرنگ کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 16 مارچ کو ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے مساج پالروں میں فائرنگ سے آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جب کہ 22 مارچ کو ریاست کولوراڈو کی ایک سپر مارکیٹ میں فائرنگ سے 10 افراد مارے گئے تھے۔
امریکہ میں پانچ برس کے دوران فائرنگ کے بڑے واقعات
اورِنج پولیس ڈپارٹمنٹ کی لیفٹننٹ جینیفر امیٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب جائے وقوع پر پہنچی۔ تو وہاں فائرنگ جاری تھی۔ اس دوران پولیس اور مشتبہ شخص کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں ایک بچے سمیت چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں جس میں مشتبہ شخص بھی شامل ہے۔
تاہم یہ واضح نہیں کہ مشتبہ حملہ آور کو پولیس کی گولی لگی یا وہ کسی اور وجہ سے زخمی ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جینیفر امیٹ نے کہا کہ فائرنگ کے پیچھے کیا مقاصد تھے فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا ہے۔ ان کے بقول عمارت کی دونوں منزلوں پر فائرنگ کی گئی ہے۔
ادھر محکمۂ پولیس کی جانب سے فیس بک پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صورتِ حال اب قابو میں ہے اور عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
دوسری جانب کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے اس فائرنگ کو خوف ناک اور دل دہلا دینے والا واقع قرار دیا۔
Horrifying and heartbreaking. Our hearts are with the families impacted by this terrible tragedy tonight. https://t.co/nw3On2RJH2
— Gavin Newsom (@GavinNewsom) April 1, 2021
انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے دل اس ہولناک واقعے کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔
کیلی فورنیا سے ایوانِ نمائندگان کی ڈیموکریٹک رکن کیٹی پورٹر نے ٹوئٹ کیا کہ وہ بہت افسردہ ہیں۔
I’m deeply saddened by reports of a mass shooting in Orange County, and I’m continuing to keep victims and their loved ones in my thoughts as we continue to learn more. My team and I will continue to monitor the situation closely. https://t.co/e736MgqCQe
— Rep. Katie Porter (@RepKatiePorter) April 1, 2021
جینیفر امیٹ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ دسمبر 1997 کے بعد سے بدترین واقعہ ہے۔
سن 1997 میں ایک مسلح شخص نے کیلی فورنیا کے ٹرانسپورٹیشن مینٹیننس ڈپارٹمنٹ یارڈ میں رائفل سے حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں بھی چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔


